چھوٹی چھوٹی باتوں پر طلاق تشویش ناک؛ مولانا رضا حیدر زیدی کا محبت، احترام اور خاندانی استحکام پر زور

لکھنؤ،شاہی آصفی مسجد لکھنؤ میں نمازِ جمعہ کے خطبہ کے دوران حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی، پرنسپل حوزۂ علمیہ حضرت غفران مآبؒ لکھنؤ نے خاندانی اختلافات اور طلاق کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ازدواجی زندگی کی بنیاد مال و دولت اور ظاہری حسن کے بجائے اچھے کردار، محبت، باہمی احترام اور قربانی پر ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میاں بیوی کو مشکلات کے وقت ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے، کیونکہ باہمی تعاون، تحمل اور گفت و شنید سے بہت سے خاندانی مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ سورۂ روم کی آیت 21 کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ازدواجی رشتے کو سکون، مودّت اور رحمت کا ذریعہ قرار دیا۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے پہلے خطبے میں کتابِ توحیدِ مفضل کی روشنی میں معرفتِ خداوندی اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی تعلیمات پر گفتگو کی۔ دوسرے خطبے میں سیرتِ حضرت زینب کبریٰؑ اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے جرأت، حق گوئی اور ظلم کے خلاف استقامت کا درس لینے پر زور دیا۔
عالمی حالات کے تناظر میں انہوں نے فرقہ وارانہ کشیدگی کے بجائے عدل و ظلم کو معیار بنانے، مظلوموں کی حمایت اور ذرائع ابلاغ و سوشل میڈیا کی خبروں کی تحقیق کرنے کی تلقین کی۔ آخر میں انہوں نے مظلوموں کی نصرت، بیماروں کی شفایابی اور معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام کے لیے دعا کی۔




