خواتین پر تشدد: اسلام کا پیغامِ عدل و احترام

ہر سال 25 نومبر کو خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن عورتوں کے خلاف تشدد، امتیازی سلوک اور حقوق کی پامالی کے خاتمے کے لئے عالمی سطح پر بیداری پیدا کرنے کی یاد دہانی ہے۔
اس دن کا تاریخی پس منظر ڈومینیکن ری پبلک کی تین بہنوں پاتریا، مینروا اور ماریا تیریسا میرابال کی جدوجہد سے وابستہ ہے، جنہیں 25 نومبر 1960ء کو قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کی یاد میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1999ء میں 25 نومبر کو خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن قرار دیا، جس کے تحت 2000ء سے یہ دن منایا جانے لگا۔
اسلام نے عورت کو عزت، وقار اور حقوق کا حامل انسان قرار دیا ہے۔ قرآن کریم میں ارشاد ہے: "وَلَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِي آدَمَ” یعنی اور ہم نے اولادِ آدم کو عزت و تکریم عطا کی۔ (سورۂ اسراء: 70)
ازدواجی زندگی کے بارے میں قرآن کا واضح حکم ہے: "وَعَاشِرُوهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ” یعنی اور عورتوں کے ساتھ اچھے طریقے سے زندگی بسر کرو۔ (سورۂ نساء: 19)
اسی طرح میاں بیوی کے رشتے کی بنیاد محبت اور رحمت کو قرار دیا گیا ہے۔ ان تعلیمات کی روشنی میں جسمانی تشدد، ذہنی اذیت، تحقیر، دھمکی اور استحصال کو خاندانی زندگی کا معمول نہیں بنایا جاسکتا۔ مذہب، روایت یا خاندانی عزت کے نام پر ظلم کا جواز پیش کرنا بھی درست نہیں۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی علم، عبادت، حق گوئی، خودداری اور سماجی ذمہ داری کا روشن نمونہ ہے۔ حضرت خدیجہ کبریٰ سلام اللہ علیہا کی سیرت بھی ایمان، استقامت، معاشی کردار اور خدمتِ دین کی عظیم مثال پیش کرتی ہے۔
امام زین العابدین علیہ السلام نے رسالۃ الحقوق میں بیوی کے حق کے ضمن میں اس کے ساتھ شفقت، رحمت اور احترام سے پیش آنے اور اس کی ضروریات کا خیال رکھنے کی تعلیم دی ہے۔ یہ تعلیم ازدواجی زندگی میں عورت کے مقام اور اس کے حقوق کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ نے کتاب "حقوق المرأة في الإسلام” اور اپنے دیگر بیانات میں عورت کے مقام اور حقوق پر روشنی ڈالی ہے۔ انھوں نے فرمایا: "حقوق النساء على الرجال مماثلة لحقوق الرجال على النساء” یعنی عورتوں کے مردوں پر حقوق بھی اسی طرح ہیں جس طرح مردوں کے عورتوں پر حقوق ہیں۔ یہ بیان ازدواجی اور معاشرتی تعلقات میں باہمی حقوق کی ادائیگی اور احترام کی اہمیت واضح کرتا ہے۔
سلطان المؤلفین آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد حسینی شیرازی قدس سرہ نے اپنی کتاب "اللاعنف في الإسلام” میں عدم تشدد کو اسلامی معاشرت کا اہم اصول قرار دیا ہے۔ ان کے افکار میں رواداری، عفو، تحمل اور حسنِ سلوک کے ذریعہ معاشرتی اصلاح پر زور ملتا ہے۔ یہ اصول خواتین سمیت تمام انسانوں کے ساتھ باعزت اور منصفانہ برتاؤ کا تقاضا کرتے ہیں۔
آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے فقہی احکام میں بھی عورت کے حقوق اور شوہر کے حسنِ معاشرت کی تاکید موجود ہے۔ توضیح المسائل جامع، جلد 4، مسئلہ 272 کے مطابق شوہر کو بیوی کے ساتھ ظلم، ایذا رسانی، مارپیٹ، سختی اور بدزبانی سے پیش آنے کی اجازت نہیں۔ مسئلہ 661 میں شوہر کی بدسلوکی اور اذیت کی صورت میں عورت کے حاکمِ شرع سے رجوع کرنے کا حکم بیان کیا گیا ہے، تاکہ اسے ظلم سے روکا جائے اور حسنِ معاشرت کا پابند بنایا جائے۔
اسی کتاب کے مسئلہ 270 کے مطابق کھانا پکانا، صفائی اور دیگر گھریلو کام کرنا بیوی پر شرعاً واجب نہیں، البتہ عقد میں کوئی شرط موجود ہو تو اس کا حکم الگ ہے۔
خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لئے صرف قوانین بنانا کافی نہیں، بلکہ خاندانی تربیت، دینی شعور اور معاشرتی رویوں کی اصلاح بھی ضروری ہے۔ علماء، تعلیمی اداروں، والدین اور سماجی تنظیموں کو خواتین کے شرعی و انسانی حقوق کے بارے میں آگاہی پیدا کرنی چاہیے۔
تشدد کا شکار خواتین کو خاموش رہنے یا بدنامی کے خوف سے ظلم برداشت کرنے کا مشورہ دینے کے بجائے ان کی بات سننا، انہیں تحفظ فراہم کرنا اور قانونی و سماجی مدد تک رسائی میں تعاون کرنا چاہیے۔
25 نومبر محض ایک عالمی دن نہیں، بلکہ یہ اپنے معاشرتی رویوں کا جائزہ لینے اور اصلاح کا عہد کرنے کا موقع ہے۔ قرآن، سیرتِ اہل بیتؑ اور مراجع عظام کی تعلیمات کا پیغام واضح ہے کہ عورت کے ساتھ عدل، احترام، شفقت اور حسنِ سلوک اختیار کیا جائے۔
ایک مہذب اور صالح معاشرہ وہی ہے جہاں عورت کو تشدد سے تحفظ حاصل ہو، اس کے حقوق کا احترام کیا جائے اور اسے تعلیم، ترقی اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں۔




