عراق

عراق کی سرحدی گزرگاہوں کی تنظیم کا خصوصی منصوبہ شروع، منذریہ۔خسروی سرحد پر مشترکہ انتظامات کا جائزہ

عراق کی سرحدی گزرگاہوں کی تنظیم نے حضرت امام حسین علیہ السلام کے اربعین کے موقع پر زائرین کی آمد و رفت کو آسان بنانے اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنے خصوصی منصوبہ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

اسی سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطحی سرکاری اور سکیورٹی وفد نے صوبہ دیالی میں واقع منذریہ۔خسروی سرحدی گزرگاہ کا دورہ کیا، جہاں زائرین کے استقبال کے لئے کئے گئے انتظامات، سکیورٹی اقدامات اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی رابطوں کا جائزہ لیا گیا۔

عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی واع کے مطابق، سرحدی گزرگاہوں کی تنظیم کے سربراہ عمر عدنان الوائلی نے دورے کے دوران ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں زیارتِ اربعین کے انتظامی امور، زائرین کی آمد و رفت کو منظم اور تیز رفتار بنانے، نیز سرحدی کارروائیوں کو مزید سہل بنانے کے طریقۂ کار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں عوامی موکبوں کی ہر ممکن معاونت، رفاہی خدمات کی فراہمی اور زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

مڈل ایسٹ نیوز کے مطابق، عراقی حکام تمام مادی و انتظامی وسائل بروئے کار لا کر اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ذریعے اربعین کے عظیم اجتماع کے لیے ایک محفوظ، منظم اور سہل ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

یہ خصوصی منصوبہ زائرینِ اربعین کی تکریم، کروڑوں عاشقانِ امام حسین علیہ السلام کے عظیم اجتماع کے کامیاب انعقاد اور زائرین کی سلامتی و تحفظ کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button