افغانستان میں یکسانیت کی پالیسیاں مزید سخت؛ طالبان رہنما نے سب کو حنفی قرار دینے پر زور دیا

طالبان کے رہنما ہبت اللہ آخوندزادہ نے کابل یونیورسٹی میں اپنے متنازع خطاب میں افغانستان کے مذہبی تنوع کا انکار کرتے ہوئے دیگر مذاہب کی پیروی کو ناجائز قرار دیا، تمام شہریوں کو حنفی مذہب کا پیروکار بتایا اور عوام کو "ریوڑ” سے تشبیہ دیتے ہوئے اپنے حکومتی فرامین کو شعر و ترانے کی صورت دینے کا مطالبہ کیا۔
ان بیانات نے مذہبی اقلیتوں کے خلاف دباؤ اور ثقافتی آزادیوں کے حوالے سے وسیع ردعمل اور تشویش کو جنم دیا ہے۔
اس سلسلہ میں ہمارے ساتھی کی رپورٹ کی طرف آپ کی توجہ مبذول کراتے ہیں:
طالبان کے رہنما ہبت اللہ آخوندزادہ نے کابل یونیورسٹی میں اس گروہ سے وابستہ تقریباً تین ہزار عہدیداروں اور علماء کی موجودگی میں افغانستان کے مذہبی، سماجی اور ثقافتی ڈھانچے کے بارے میں متنازع موقف پیش کیا۔
انہوں نے اپنے 90 منٹ طویل خطاب میں یہ دعویٰ کیا کہ ملک میں مذاہب کی کثرت ختم ہو چکی ہے، اور زور دیا کہ تمام عوام کو ایک ہی فقہی راستے پر چلنا چاہیے۔ انہوں نے تمام شہریوں کو حنفی قرار دیتے ہوئے مذہب شافعی پر عمل اور اس سے تعامل کو ناجائز قرار دیا۔
روزنامہ "8 صبح” نے اس نشست سے جاری ہونے والی آڈیو فائلوں کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یہ باتیں ایسے وقت کہی جا رہی ہیں جب افغانستان کی آبادی کا بڑا حصہ اثنا عشری شیعوں اور دیگر مذہبی اقلیتوں پر مشتمل ہے۔
افغانستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں نے ان بیانات پر سخت تنقید کرتے ہوئے پورے ملک کو ایک ہی مذہب سے منسوب کرنے کو اس سرزمین کی تاریخی حقیقتوں اور سماجی ساخت سے کھلا تضاد اور شہریوں کے ایک حصے کی شناخت کو نظرانداز کرنے کے مترادف قرار دیا۔
ان مواقف کے ساتھ ہی شیعوں کے قانونِ احوالِ شخصیہ کی منسوخی اور ہرات و بامیان صوبوں میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت پر مجالسِ عزا منعقد کرنے اور حوزوی سرگرمیوں کی وجہ سے متعدد شیعہ علماء کی گرفتاری کی مقامی رپورٹیں بھی سامنے آئی ہیں، جن سے مذہبی پابندیوں کے بارے میں تشویش دوگنا ہو گئی ہے۔
طالبان کے رہنما نے اپنے خطاب کے ایک اور حصے میں سرپرستانہ انداز میں افغانستان کے شہریوں کو "بھیڑوں کے ریوڑ” سے تشبیہ دی اور دعویٰ کیا کہ اس ریوڑ کی نگرانی و حفاظت امیر کے ذمے ہے اور کسی کو اس کے قریب آنے کا حق نہیں۔
انہوں نے اپنی رسمی تقریروں سے عوام کی بے توجہی اور فن سے ان کی دلچسپی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے شاعروں سے ملاقات کی شرط یہ رکھی کہ وہ طالبان کے قوانین و فرامین کو شعر و ترانے میں ڈھالیں، اور ان سے کہا کہ اس گروہ کے نظریات کے فروغ اور معاشرے کی اصلاح کے لئے ادب کو ذریعہ بنائیں۔
اس اقدام کو شعر و آزاد فن کے خلاف طالبان کی پابندیوں کی پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔




