ہندوستان

شادی بیاہ میں فضول خرچی اور غیر ضروری رسومات کی حوصلہ شکنی کی جائے: آغا سید حسن

بڈگام، جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی الصفوی نے شادی بیاہ کی تقریبات میں بڑھتی ہوئی غیر ضروری رسومات، فضول خرچی اور نمود و نمائش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نکاح کو سادہ، باوقار اور اسلامی تعلیمات کے مطابق بنانے پر زور دیا۔

مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر ضروری سماجی رسومات نے بالخصوص متوسط اور غریب خاندانوں پر مالی بوجھ بڑھا دیا ہے، جس کے باعث بعض خاندان قرض لینے پر بھی مجبور ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے علماء، والدین، بزرگوں اور معاشرے کے ذمہ دار افراد سے اپیل کی کہ نکاح کو مشکل بنانے والی رسومات اور سماجی مقابلہ آرائی کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

آغا سید حسن نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور حضرت امام علی علیہ السلام کے نکاح کو سادگی، قناعت اور اسلامی اقدار کی روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ شادی کی اصل عظمت دولت کی نمائش میں نہیں بلکہ ایمان، کردار، باہمی احترام اور دینی اقدار میں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شادی بیاہ کی تقریبات کو فضول خرچی اور نمود و نمائش سے پاک کرکے سادگی، اعتدال اور وقار کا مظہر بنایا جائے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button