ثقافت اور فنمقالات و مضامین

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور علامہ اقبالؔ؛ عقیدت سے اسوۂ عمل تک9 نومبر، یومِ اقبال پر خصوصی ادبی کالم

شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؔ کی شاعری محض حسنِ بیان اور جذبات کی ترجمانی نہیں، بلکہ ایک گہرا فکری و اخلاقی پیغام رکھتی ہے۔ ان کے کلام میں خودی، عمل، خود اعتمادی اور بیداریِ ملت کے ساتھ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت علیہم السلام سے محبت و عقیدت بھی نمایاں ہے۔ بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے تذکرے میں اقبال کا اندازِ بیان ان کی فکری اور روحانی وابستگی کا خوب صورت مظہر ہے۔

اقبال کی فارسی تصنیف ’’رموزِ بے خودی‘‘ میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے لئے ایک مستقل باب مختص ہے، جس کا عنوان ہے: "در معنی ایں کہ سیدۃ النساء فاطمہ الزہراء اسوۂ کاملہ ایست برائے نساءِ اسلام”
یعنی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا مسلمان خواتین کے لئے کامل نمونۂ عمل ہیں۔

اقبال اس باب میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

مریم از یک نسبتِ عیسیٰ عزیز
از سہ نسبت حضرتِ زہرا عزیز

نورِ چشمِ رحمۃٌ للعالمین
آں امامِ اوّلیں و آخرین

یعنی حضرت مریم سلام اللہ علیہا کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام سے نسبت نے عزت و عظمت عطا کی، جبکہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو تین نسبتوں نے مزید امتیاز بخشا۔ آپ رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نورِ نظر ہیں، جو اولین و آخرین کے امام ہیں۔

اقبال ان نسبتوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہتے ہیں:

بانوی آں تاجدارِ ہل اتیٰ
مرتضیٰ مشکل کشا، شیرِ خدا

مادرِ آں مرکزِ پرگارِ عشق
مادرِ آں کارواں سالارِ عشق

یعنی آپ اس تاجدارِ ہل اتیٰ، حضرت علی مرتضیٰ علیہ السلام کی زوجہ ہیں، جو مشکل کشا اور شیرِ خدا ہیں۔ آپ اس مرکزِ عشق کی والدہ ہیں جس کے گرد محبت کا پورا نظام گردش کرتا ہے، اور اس کاروانِ عشق کے سالار کی مادر ہیں۔

ان اشعار میں اقبال نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی تین عظیم نسبتوں، یعنی دخترِ رسول، زوجۂ امیرالمؤمنین امام علی اور مادرِ حسنین کریمین علیہم السلام ہونے کو آپ کی عظمت کے اہم پہلوؤں کے طور پر پیش کیا ہے۔ تاہم اقبال کا مقصد محض نسبی فضیلت بیان کرنا نہیں، بلکہ ان نسبتوں سے وابستہ روحانی، اخلاقی اور تربیتی عظمت کو اجاگر کرنا ہے۔

سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا؛ اسوۂ تسلیم و رضا
اقبال کے نزدیک حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت کا سب سے اہم پہلو آپ کا عملی کردار ہے۔ اسی لیے وہ فرماتے ہیں:

مزرعِ تسلیم را حاصل بتول
مادران را اسوۂ کامل بتول

یعنی حضرت بتول سلام اللہ علیہا تسلیم و رضا کی کھیتی کا حاصل اور تمام ماؤں کے لئے کامل نمونۂ عمل ہیں۔

یہ شعر اقبال کے تصورِ عورت اور خاندان کو سمجھنے کے لئے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ وہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو صرف ایک عظیم تاریخی شخصیت نہیں سمجھتے، بلکہ آپ کی ذات میں ایسی تربیتی قوت دیکھتے ہیں جو نسلوں کی فکری اور اخلاقی تشکیل کرسکتی ہے۔

آپ کی آغوشِ تربیت میں امام حسن مجتبیٰ اور امام حسین علیہما السلام جیسی عظیم شخصیات پروان چڑھیں۔ اس اعتبار سے اقبال کے نزدیک سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مادریت محض ایک خاندانی نسبت نہیں، بلکہ حق پرستی، ایثار، شجاعت اور قربانی کی نسل در نسل منتقلی کا عملی نمونہ ہے۔

محبتِ زہرا سلام اللہ علیہا اور پاسِ فرمانِ مصطفیٰ
اقبال کی عقیدت کا ایک اور پہلو ان اشعار میں نمایاں ہوتا ہے:

پاسِ فرمانِ جنابِ مصطفیٰ است
ورنہ گردِ تربتش گردیدمی
سجدہ ہا بر خاکِ او پاشیدمی

یعنی مجھے جناب مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان کا لحاظ ہے، ورنہ میں ان کی تربت کے گرد طواف کرتا اور ان کی خاک پر سجدے کرتا۔

یہاں اقبال نے محبت کی شدت کے ساتھ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان کی پابندی کو بھی اہمیت دی ہے۔ ان اشعار کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ حقیقی عقیدت کو شریعت اور اطاعتِ رسول کے دائرے میں رہنا چاہیے۔

اقبال کے افکار اور عصرِ حاضر
اقبال نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو مسلمان خواتین کے لئے اسوۂ کاملہ قرار دے کر ایک اہم معاشرتی اور تربیتی تصور پیش کیا ہے۔ ان کے نزدیک کسی معاشرے کی تعمیر صرف سیاسی یا معاشی ترقی سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لئے مضبوط کردار، پاکیزہ خاندان اور باشعور نسلوں کی تربیت بھی ضروری ہے۔

آج کے دور میں جب خاندانی نظام، اخلاقی تربیت اور نئی نسل کی فکری تشکیل متعدد چیلنجز سے دوچار ہے، سیرتِ سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا کا مطالعہ ایک عملی ضرورت بن چکا ہے۔

یومِ اقبال پر ان کے اشعار پڑھنا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنا یقیناً اہم ہے، لیکن ان کے پیغام کو سمجھنا اس سے بھی زیادہ ضروری ہے۔ اقبال نے محبتِ اہل بیت علیہم السلام کو محض جذباتی وابستگی کے طور پر نہیں دیکھا، بلکہ اسے کردار سازی اور زندگی کی اصلاح سے مربوط کیا ہے۔ اقبال کے نزدیک سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت کا

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button