عراقی سکیورٹی میڈیا سیل کی زائرینِ اربعین سے عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی اپیل
عراقی سکیورٹی میڈیا سیل کی زائرینِ اربعین سے عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی اپیل
عراق کے سکیورٹی میڈیا سیل نے اربعینِ حسینی کے زائرین سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حتیٰ الامکان نجی گاڑیوں کے بجائے عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔
یہ اپیل زیارتی شہروں کی جانب جانے والے راستوں پر آمدورفت کو منظم کرنے، ٹریفک کے دباؤ میں کمی لانے اور غیر معمولی ہجوم پر مؤثر انداز میں قابو پانے کے خصوصی منصوبے کے تحت کی گئی ہے۔
عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، سکیورٹی میڈیا سیل نے یہ بھی بتایا ہے کہ محکمہ ٹریفک کے تمام دفاتر کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت کے پیشِ نظر حفاظتی اور نگرانی کے اقدامات مزید مؤثر اور سخت انداز میں نافذ کئے جائیں۔
اس سے قبل بھی عراقی وزارتِ داخلہ کے حکام اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ اربعین کے انتظامی منصوبوں پر عمل درآمد کے دوران زائرین کی سلامتی، تحفظ اور صحت کا خیال رکھنا اولین ترجیح ہے۔




