عمران خان کی صحت پر تشویش، اعلیٰ عدلیہ کو خط اور راجہ ناصر عباس کا مطالبہ
عمران خان کی صحت پر تشویش، اعلیٰ عدلیہ کو خط اور راجہ ناصر عباس کا مطالبہ
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جیل میں اپنی بگڑتی صحت کے حوالے سے اعلیٰ عدلیہ کو خط لکھ کر فوری طبی سہولتوں کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔ ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے 16 نومبر کو منظر عام پر آنے والے خط میں عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی متاثر ہوچکی ہے اور بلڈ پریشر میں اضافے کے باعث انہیں سنگین طبی خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے علاج کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
عمران خان نے خط میں جیل حکام پر طبی شکایات کے بروقت ازالے میں غفلت اور عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ دوسری جانب، انہیں 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی آنکھ کا معائنہ اور علاج کیا گیا۔
ادھر سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے مشترکہ بیان میں عمران خان کی صحت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے، اہل خانہ اور وکلا سے ملاقات کی سہولت دینے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔




