مرجع دینی آیت اللہ العظمٰی سیّد صادق حسینی شیرازی: یومِ عرفہ کا فضل صرف عرفات تک محدود نہیں بلکہ زائرینِ امام حسین (علیہ السلام) کو بھی شامل ہے
مرجع دینی آیت اللہ العظمٰی سیّد صادق حسینی شیرازی: یومِ عرفہ کا فضل صرف عرفات تک محدود نہیں بلکہ زائرینِ امام حسین (علیہ السلام) کو بھی شامل ہے
مرجع دینیِ اعلیٰ، آیت اللہ العظمٰی سیّد صادق الحسینی الشیرازی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یومِ عرفہ حج کی مقدس فریضے کے اہم ارکان میں سے ایک ہے، تاہم اُن کا کہنا ہے کہ اس مبارک دن کا فضل صرف عرفات کے مقام اور حجاجِ بیت اللہ تک محدود نہیں بلکہ اس کا دائرہ اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔
یہ بات انہوں نے یومِ عرفہ اور موسمِ حج کے موقع پر اپنے دفتر کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک مختصر بیان میں کہی۔ اُنہوں نے فرمایا:
"یومِ عرفہ حج کے اہم ارکان میں سے ہے، لیکن عرفات کے مقام تک اس کا فضل محدود نہیں۔ سب سے پہلے جن پر اللہ تعالیٰ کی نگاہِ رحمت پڑتی ہے، وہ امام حسین (علیہ السلام) کی قبرِ مطہر کے زائرین ہوتے ہیں، جیسا کہ امام جعفر صادق (علیہ السلام) سے روایت میں آیا ہے۔”
مرجعِ شیرازی دنیا بھر کے مسلمانوں، خصوصاً اہل بیت (علیہم السلام) کے پیروکاروں کو یومِ عرفہ کے دن امام حسین (علیہ السلام) کی مخصوص زیارت ادا کرنے کی ترغیب دیتے ہیں، کیونکہ اس کا اجر بہت عظیم اور مقام نہایت بلند ہے۔
آپ اس بات کی وضاحت فرماتے ہیں کہ امام حسین (علیہ السلام) کی زیارت کا مرتبہ بہت بلند ہے، اور اس کا اجر دیگر زیارات کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے، جیسا کہ معصومین (علیہم السلام) کی روایات اور احادیث میں بیان ہوا ہے۔