ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کا کوئٹہ میں موکب زینبیہ کا دورہ، زائرین سے ملاقات
کوئٹہ۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سکریٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی جنرل سکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی اور صوبائی رابطہ سکریٹری سید گلزار علی شاہ نے موکب زینبیہ پہنچ کر زائرین کرام سے ملاقات کی۔
اس موقع پر زائرین کرام سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا زیارت اربعین امام حسین علیہ السلام مومن کی صفات میں سے ہے۔ امام محمد باقر (علیہ السلام) نے محمد بن مسلم سے فرمایا: ہمارے شیعوں کو امام حسین بن علی علیہ السلام کی قبر کی زیارت کرنے کی ہدایت کرو، کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ نے ہر اس مومن پر فرض کیا ہے جو امام حسین علیہ السلام کو اپنا امام مانتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے زائرین کرام کی مشکلات حل کریں۔ زائرین کرام سے بس کرایہ دگنا وصول کیا جاتا ہے۔ پاکستان ہاؤس میں زائرین سے پیسے وصول کئے جاتے ہیں اور ان پیسوں کے بدلے زائرین کو خدمات فراہم نہیں کی جاتیں۔ حکومتی اہلکار اور ایف سی اہلکار زائرین کو کمائی کا ذریعہ بنانے سے اجتناب کریں۔ حکومت زائرین کے لئے سہولیات فراہم کرے۔
انہوں نے موکب زینبیہ کے ذمہ داران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کی خدمت عظیم عبادت اور اعزاز ہے۔ موکب زینبیہ کی طرف سے خدام زائرین کی پر خلوص خدمت قابل صد تعریف ہے۔