ثقافت اور فن

28 نومبر؛ عالمی یوم ہمدردی رحم دلی؛ انسانیت کی پہچان

انسانی ترقی کا اصل معیار صرف سائنسی ایجادات نہیں، بلکہ دوسروں کے دکھ کو محسوس کرنا اور ان کے ساتھ ہمدردی سے پیش آنا بھی ہے۔ 28 نومبر کو منایا جانے والا عالمی یومِ ہمدردی اسی جذبے کو فروغ دینے کی یاد دہانی ہے، جس کا آغاز 2012ء میں ممبئی ہندوستان سے ہوا۔

آج دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمان امتیازی سلوک، نفرت انگیزی، تشدد اور عبادت گاہوں پر حملوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ مسلمانوں کے خلاف نفرت اور مذہبی آزادی سے متعلق تشویش ناک واقعات، افغانستان میں شیعہ و ہزارہ برادری کی مشکلات اور پاکستان میں بعض مذہبی برادریوں کی عبادت گاہوں کو لاحق خطرات اس حقیقت کی طرف توجہ دلاتے ہیں کہ مذہبی آزادی اور انسانی تحفظ کے لئے عالمی سطح پر سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ مساجد، امام بارگاہوں، گرجا گھروں، مندروں اور گردواروں کا تحفظ پوری انسانیت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اسلام نے رحم دلی کو اپنی بنیادی تعلیمات میں شامل کیا ہے۔ قرآن مجید رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام جہانوں کے لئے رحمت قرار دیتا ہے: "وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَالَمِينَ” یعنی اور ہم نے آپ کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ (الانبیاء: 107)

امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے مالک اشتر کے نام اپنے تاریخی فرمان میں انسانی ہمدردی کا عالمگیر اصول بیان فرمایا: "إِمَّا أَخٌ لَكَ فِي الدِّينِ، وَإِمَّا نَظِيرٌ لَكَ فِي الْخَلْقِ” یعنی لوگ یا تو دین میں تمہارے بھائی ہیں یا خلقت میں تمہارے جیسے انسان۔ (نہج البلاغہ، نامۂ 53)

یہ تعلیم صرف انسانوں تک محدود نہیں؛ قرآن جانوروں کو بھی انسانوں کی مانند امتیں قرار دیتا ہے۔ لہٰذا رحم دلی کا تقاضا ہے کہ ہم بھوکے کو کھانا، پیاسے کو پانی، بیمار اور ضرورت مند کو مدد فراہم کریں، مظلوم کا ساتھ دیں، تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کا احترام کریں اور جانوروں و پرندوں کے لئے بھی خوراک اور پانی کا انتظام کریں۔ ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر نفرت اور بے بنیاد اطلاعات پھیلانے کے بجائے امن، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔

رحم دلی انسانیت کا حقیقی معیار ہے؛ ہمارا وجود ہر مخلوق کے لئے امن، تحفظ اور آسودگی کا سبب بنے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button