جرمنی کی مسلم کونسل کا مساجد کے خلاف نفرت انگیزی اور دھمکیوں میں اضافہ پر انتباہ، ممکنہ حملے کی سازش سامنے آنے کے بعد اسلامی مراکز کی حفاظت کا مطالبہ
جرمنی کی مسلم کونسل کا مساجد کے خلاف نفرت انگیزی اور دھمکیوں میں اضافہ پر انتباہ، ممکنہ حملے کی سازش سامنے آنے کے بعد اسلامی مراکز کی حفاظت کا مطالبہ
جرمنی کی مرکزی مسلم کونسل نے مسلمانوں اور عبادت گاہوں کے خلاف نفرت انگیزی، نسل پرستی اور سیکیورٹی خطرات میں شدت کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔
اس کونسل نے بنیادی حقوق اور مذہبی رسومات کی آزادی کے تحفظ کے لئے سماجی و سیاسی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ انتباہ ایک 18 سالہ نوجوان کے خلاف تھری ڈی پرنٹ شدہ ہتھیاروں سے مسجد پر حملے کی منصوبہ بندی کے مشتبہ کیس کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
الجزیرہ نیوز نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق ڈسلڈورف میں پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر اور جرمن میڈیا نے بتایا ہے کہ ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا سے تعلق رکھنے والے ایک 18 سالہ طالب علم کو اگست کے مہینہ سے عارضی طور پر حراست میں لیا گیا ہے، جس کے گھر کی تلاشی کے دوران تھری ڈی پرنٹر سے بنائے گئے ہتھیار، ہتھیاروں کے پرزے اور گولہ بارود برآمد ہوا تھا۔
جرمنی کی مرکزی مسلم کونسل نے 2019 میں نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ سانحے کی یاد دہانی کراتے ہوئے بعض جمہوری جماعتوں کے سیاستدانوں کے بیانیے میں اسلام مخالف بیان بازی کے نفوذ کو تشویشناک قرار دیا۔
اس کونسل نے صرف سیکیورٹی اقدامات سے آگے بڑھ کر ایک جامع نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا، جس میں اشتعال انگیزی کا مقابلہ، سماجی یکجہتی کو مضبوط بنانا اور مساجد کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا شامل ہے۔




