افغانستان میں خواتین و لڑکیوں کے 193 سے زائد امدادی مراکز بند

دس لاکھ سے زائد افراد کے حیاتی خدمات سے محروم ہونے کا خدشہ، 2027 تک نصف امدادی اداروں کی بندش کا خطرہ
بین الاقوامی مالی امداد میں کمی اور وسیع سماجی و انتظامی پابندیوں کے باعث افغانستان میں دس لاکھ سے زائد خواتین اور لڑکیوں کی امدادی خدمات، محفوظ پناہ گاہوں اور مشاورت تک رسائی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس سے کمزور طبقات کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی خامہ پریس کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین (یو این ویمن) نے اعلان کیا ہے کہ مالی وسائل میں کمی کے سبب افغانستان میں تشدد سے متاثرہ افراد کو خدمات فراہم کرنے والے 193 سے زائد مراکز بند ہو چکے ہیں اور تقریباً 300 انسانی امدادی طبی مراکز بھی متاثر ہوئے ہیں۔
اس ادارہ نے خبردار کیا ہے کہ خواتین کے زیرِ انتظام 74 تنظیموں میں سے نصف اپریل 2027 تک بند ہو سکتی ہیں اور تقریباً 427000 مزید خواتین اپنی ضروری خدمات سے محروم ہو جائیں گی۔ اسی لئے اقوام متحدہ نے مالی حمایت کے تسلسل اور خواتین کی تنظیموں کے کردار کے تحفظ پر زور دیا ہے۔




