16 جمادی الثانی؛ یوم شہادت شہید آیۃ اللہ سید حسن حسینی شیرازی رحمۃ اللہ علیہ

تاریخ میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کی زندگی ایک عہد کی علمی، فکری اور اصلاحی جدوجہد کی آئینہ دار ہوتی ہے۔ شہید آیۃ اللہ سید حسن حسینی شیرازی رحمۃ اللہ علیہ بھی ایسی ہی ہمہ جہت شخصیت تھے، جنہوں نے اپنی زندگی علم، ادب، صحافت، تبلیغ اور ادارہ سازی کے لئے وقف کردی۔ وہ عالم دین ہونے کے ساتھ صاحبِ قلم، مفکر، شاعر اور مصلح بھی تھے۔
آیۃ اللہ سید حسن شیرازی رحمۃ اللہ علیہ 1354ھ میں نجف اشرف کے ایک معروف علمی خاندان میں پیدا ہوئے۔ وہ آیۃ اللہ العظمیٰ میرزا مہدی حسینی شیرازی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے فرزند، سلطان المؤلفین آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد حسینی شیرازی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ اور مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے بھائی تھے۔ انہوں نے حوزۂ علمیہ میں فقہ، اصول اور دیگر اسلامی علوم کی تحصیل کی۔ ان کی شخصیت میں علمی سنجیدگی، ادبی ذوق اور اصلاحی جذبہ یکجا تھے۔
انہوں نے مجلہ ’’الاخلاق والآداب‘‘ کی ادارت کے ذریعہ دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر قلم اٹھایا۔ اشتراکیت اور الحاد کے بڑھتے ہوئے اثرات کے مقابلے میں انہوں نے تحریر، مطبوعات اور فکری مباحث کو ذریعہ بنایا۔ ان کے نزدیک قلم محض اظہارِ خیال نہیں، بلکہ فکری بیداری اور اصلاحِ معاشرہ کا مؤثر وسیلہ تھا۔
عراق کی بعثی حکومت کے دور میں انہیں گرفتاری اور سخت تعذیب کا سامنا کرنا پڑا۔ ربیع الاول 1389ھ میں انہیں گرفتار کرکے بغداد کی جیل قصر النہایہ میں رکھا گیا، جہاں شدید تشدد برداشت کرنا پڑا۔ بعد ازاں انہیں بعقوبہ جیل منتقل کیا گیا۔ رہائی کے بعد انہوں نے عراق سے ہجرت کی اور لبنان میں اپنی علمی و تبلیغی سرگرمیاں جاری رکھیں۔
ان کے نمایاں کارناموں میں دمشق میں حوزۂ علمیہ زینبیہ کا قیام شامل ہے۔ حرم حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے جوار میں قائم اس علمی مرکز کا مقصد مختلف ممالک کے طلبہ کو علوم اہل بیت علیہم السلام کی تعلیم و تربیت فراہم کرنا ہے۔ ان کی تبلیغی جدوجہد شام اور لبنان سے آگے افریقہ، یورپ اور آسٹریلیا کے مختلف علاقوں تک پھیلی۔ لبنان میں مدرسۂ امام مہدی علیہ السلام اور دارالصادق علیہ السلام جیسے علمی و اشاعتی منصوبوں کے ذریعہ بھی انہوں نے دینی تعلیم اور نشر و اشاعت کو فروغ دیا۔ محروم طبقات کی مدد اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت ان کے سماجی کردار کے اہم پہلو تھے۔
شہید شیرازی رحمۃ اللہ علیہ نے تقریباً پچاس علمی آثار چھوڑے۔ ان کی اہم تصانیف میں 26 جلدوں پر مشتمل ’’موسوعۃ الکلمۃ‘‘، تین جلدوں پر مشتمل ’’خواطری عن القرآن‘‘، ’’الاقتصاد الاسلامی‘‘، ’’العمل الادبی‘‘، ’’الادب الموجہ‘‘، ’’التوجیہ الدینی‘‘ اور ’’الشعائر الحسینیۃ‘‘ شامل ہیں۔ ان کی تحریروں میں قرآن، اسلامی معیشت، ادب، اخلاق اور دینی رہنمائی جیسے موضوعات نمایاں ہیں۔
وہ ایک صاحبِ طرز ادیب اور شاعر بھی تھے۔ ان کے نزدیک ادب محض الفاظ کی آرائش نہیں، بلکہ انسانی شعور کی تربیت اور معاشرتی اصلاح کا ذریعہ ہے۔ ان کی کتاب ’’الادب الموجہ‘‘ اسی فکر کی ترجمان ہے۔ معروف لبنانی ادیب جارج جرداق نے بھی اس کتاب کے مقدمہ میں ان کی ادبی صلاحیتوں کو سراہا تھا۔
16 جمادی الثانی 1400ھ، مطابق 2 مئی 1980ء، کو بیروت میں انہیں مسلح حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ وہ مدرسۂ امام مہدی علیہ السلام میں آیۃ اللہ سید محمد باقر صدر رحمۃ اللہ علیہ کی منعقدہ مجلس ترحیم میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ یہ حملہ عراقی بعثی حکومت کے عناصر نے کیا تھا۔
ان کا جنازہ قم مقدسہ منتقل کیا گیا، جہاں آیۃ اللہ العظمیٰ سید شہاب الدین مرعشی نجفی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے نمازِ جنازہ پڑھائی اور حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں سپردِ خاک کیا گیا۔
شہید شیرازی رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی علماء، اہل قلم اور نوجوانوں کے لئے ایک عملی درس ہے۔ انہوں نے علم کو تحقیق، قلم کو فکری بیداری اور تبلیغ کو معاشرتی ذمہ داری سے وابستہ کیا۔ ان کی جدوجہد بتاتی ہے کہ دینی خدمت صرف درس و تدریس اور خطابت تک محدود نہیں، بلکہ اس کے لئے معیاری تصنیف و تالیف، مؤثر صحافت، ادارہ سازی اور محروموں کی خدمت بھی ضروری ہے۔
رحمة الله عليه و رضوانه




