حدیث شریف کساء، قدسی، نبوی اور علوی احادیث کا مجموعہ ہے اور معتبر و حجت ہے
حدیث شریف کساء، قدسی، نبوی اور علوی احادیث کا مجموعہ ہے اور معتبر و حجت ہے : آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجعِ عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کی روزانہ علمی نشست قم میں منعقد ہوئی۔
اس نشست میں گزشتہ نشستوں کی طرح معظم لہ نے حاضرین کے مختلف فقہی مسائل سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے "حدیث شریف کساء” اور "زیارت عاشورا” کی روایتی ماہیت اور سندی اعتبار سے متعلق سوالات کے جواب میں اہم نکات بیان فرمائے۔
معظم لہ نے حدیث شریف کساء کے مقام کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا: اس حدیث شریف میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے فرامین میں بعض حصے خداوند متعال کی جانب سے نقل ہوئے ہیں جو "حدیث قدسی” شمار ہوتے ہیں، بعض حصے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ سے نقل ہوئے ہیں جو "حدیث نبوی” ہیں، اور بعض حصے امیر المؤمنین علیہ السلام سے روایت ہوئے ہیں جو "حدیث علوی” کے زمرے میں آتے ہیں۔
انہوں نے اس حدیث کی صحیح سند کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید فرمائی کہ حدیث کساء فقہاء کے نزدیک "مقبولہ” ہے اور دیگر معتبر روایات کی طرح شرعی حجت شمار ہوتی ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے "زیارت عاشورا” کے اعتبار اور مقام کے بارے میں بھی فرمایا: زیارت عاشورا کی سند معتبر ہے، اور اگر کسی کو اس کی سند میں شبہ بھی ہو تو یہ زیارت فقہاء کے نزدیک "مقبولہ” اور حجت ہے۔
معظم لہ نے امام محمد باقر علیہ السلام سے زیارت عاشورا کے بارے میں وارد ہونے والی روایت کا حوالہ دیتے ہوئے تصریح فرمائی کہ زیارت عاشورا کے تمام مضامین خداوند عزوجل کی جانب سے ہیں، اور اسی وجہ سے یہ زیارت ان دیگر ماثورہ زیارتوں سے ایک خاص امتیاز رکھتی ہے جو ائمہ معصومین علیہم السلام سے صادر ہوئی ہیں۔




