انسانی حقوق کی ایک تنظیم نے اقوامِ متحدہ کو متنبہ کیا: حکومتِ ہند 2027 کی مردم شماری کی آڑ میں ملک گیر سطح پر این آر سی نافذ کر کے مسلمانوں کی شہریت چھین سکتی ہے

نسانی حقوق کی ایک تنظیم نے اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کو ایک باضابطہ رپورٹ ارسال کر کے خبردار کیا ہے کہ ہندوستان کی عام مردم شماری کے سوالناموں میں کی گئی نئی تبدیلیاں اور آبادیاتی تبدیلی سے متعلق کمیٹی کی تشکیل، قومی رجسٹر برائے شہریت کو پورے ملک میں نافذ کرنے اور مسلمانوں اور اقلیتوں کو منظم طور پر نشانہ بنانے کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔
آئیے ہمارے رفیقِ کار کی رپورٹ دیکھتے ہیں جنھوں نے اس معاملے کا جائزہ لیا ہے:
سول سوسائٹی کی تنظیم «ساؤتھ ایشیا جسٹس کیمپین» (SAJC) نے اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندوں کو ایک باضابطہ مراسلہ ارسال کرتے ہوئے 2027 کی ہندوستانی مردم شماری کے سلامتی اور انسانی حقوق سے متعلق مضمرات پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔
یہ 2011 کے بعد ملک کی پہلی قومی مردم شماری ہوگی۔خبر رساں ویب سائٹ «مکتوب» (Maktoob) کے مطابق تنظیم نے اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر کے دفتر کو بھیجی گئی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مردم شماری کے نئے 40 سوالوں پر مشتمل سوالنامے میں مذہب، جائے پیدائش، والدین کی تفصیلات، رابطہ نمبر اور شناختی دستاویزات کے نمبر جیسے حساس سوالات شامل کرنا درحقیقت «قومی آبادی رجسٹر» (این پی آر) کی تیاری اور بالآخر متنازع «قومی رجسٹر برائے شہریت» (این آر سی) کے ملک گیر نفاذ کا درپردہ راستہ ہے۔
تنظیم نے 2019 میں ریاست آسام کے تلخ تجربے کا حوالہ دیا، جب تقریباً 19 لاکھ افراد کو شہریت کی فہرست سے خارج کر دیا گیا تھا اور انھیں قانونی اپیل کی دستاویز دیے بغیر بے یقینی اور بے وطنی کی حالت میں چھوڑ دیا گیا۔
تنظیم نے خبردار کیا کہ اگر یہی عمل قومی سطح پر دہرایا گیا تو 17 کروڑ سے زائد ہندوستانی مسلمانوں کی سلامتی، انسانی وقار اور بنیادی حقوق خطرے میں پڑ جائیں گے۔رپورٹ کے ایک اور حصے میں وزارتِ داخلہ کی جانب سے غیر قانونی ہجرت کی جانچ کے بہانے «اعلیٰ سطحی آبادیاتی تبدیلی کمیٹی» کی تشکیل کا ذکر کیا گیا ہے، نیز مردم شماری کے قوانین میں ترمیم کر کے سیاسی عزائم رکھنے والے غیر سرکاری افراد کو مردم شماری کے اہلکار کے طور پر مقرر کرنے کی بات بھی کہی گئی ہے۔

«ساؤتھ ایشیا جسٹس کیمپین» نے متنبہ کیا کہ ملک کے موجودہ منقسم ماحول میں مناسب نگرانی سے عاری غیر سرکاری عناصر کی خدمات حاصل کرنا، انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی اور برسرِ اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اعلیٰ عہدیداروں کے تفرقہ انگیز بیانات کے ساتھ مل کر، اعداد و شمار میں چھیڑ چھاڑ اور اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک میں اضافے کا خطرہ دوگنا کر دیتا ہے۔
ان عہدیداروں نے بارہا مسلمانوں کو «درانداز» اور ملک کے آبادیاتی توازن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔تنظیم نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستان کے ادارہ جاتی عمل پر کڑی نظر رکھے تاکہ ملک میں مسلمانوں کی بے وطنی اور ان کے شہری حقوق کی پامالی کو ادارہ جاتی شکل اختیار کرنے سے روکا جا سکے۔




