ہندوستان،حیدرآباد میں طلاق کے بڑھتے واقعات پر شیعہ علماء کا اہم اجلاس
هندوستان،حیدرآباد میں طلاق کے بڑھتے واقعات پر شیعہ علماء کا اہم اجلاس
حیدرآباد دکن، معاشرے میں طلاق کے بڑھتے ہوئے واقعات اور خاندانی نظام کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر حیدرآباد میں شیعہ علماء کا ایک اہم اجلاس صدر کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا کی صدارت میں شریعت کدہ پر منعقد ہوا۔
اجلاس میں حیدرآباد کے علماء کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں طلاق کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے اسباب اور خاندانی نظام پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
علماء نے زور دیا کہ ازدواجی اختلافات کو بروقت گفت و شنید اور باہمی مشاورت سے حل کیا جائے تاکہ معمولی جھگڑے خاندانوں کے ٹوٹنے کا سبب نہ بنیں۔ حکومت اور وقف بورڈ کی نئی گائیڈ لائنز کی روشنی میں بھی طلاق سے متعلق شرعی ضوابط اور مصالحتی طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
شرکاء نے طلاق کی روک تھام کے لئے موثر شرعی رہنمائی، باقاعدہ نگرانی اور اصلاحی اقدامات کو مزید منظم بنانے، نکاح کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور علماء کی نگرانی میں مصالحتی کونسل کو فعال کرنے پر اتفاق کیا۔




