
عالمِ تشیع کے ممتاز فقیہ اور مرجعِ عالی قدر حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی رحلت پر ہندوستان کے مختلف شہروں میں علمائے کرام، دینی شخصیات، مذہبی تنظیموں اور تعلیمی اداروں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغامات جاری کئے ہیں۔

ہندوستان میں آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمائندے مولانا سید اشرف علی الغروی، مولانا سید کلب جواد نقوی امام جمعہ لکھنو، مولانا سید صفی حیدر سکریٹری تنظیم المکاتب، مولانا مصطفی علی خان ادیب الہندی، مولانا سید حمید الحسن سربراہ جامعہ ناظمیہ، مولانا سید تقی رضا عابدی، مولانا علی حیدر فرشتہ، مولانا سید شجیع مختار، ڈاکٹر نثار حسین حیدر آغا اور مولانا سید عباس باقری سمیت متعدد علمائے کرام نے تعزیت پیش کی۔

اسی طرح مجمع علماء و واعظین پوروانچل، مجلس علمائے ہند، آندھرا پردیش شیعہ علماء بورڈ، ساؤتھ انڈیا شیعہ علماء کونسل، مجمع علماء و خطباء حیدرآباد، مرکزی شیعہ علماء کونسل، جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل، انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر، فاطمیہ ایجوکیشنل ٹرسٹ کشمیر، مدارسِ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام جموں و امام ہادی علیہ السلام اوڑی کشمیر اور الجواد فاؤنڈیشن سمیت مختلف دینی و مذہبی اداروں نے بھی تعزیتی بیانات جاری کئے۔

تعزیتی پیغامات میں مرحوم کی فقاہت، علمی و تحقیقی مقام، حوزہ علمیہ قم میں تدریسی خدمات، تربیتِ علماء اور معارفِ اہل بیت علیہم السلام کے فروغ میں ان کے کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ متعدد بیانات میں ایامِ فاطمیہ اور شعائرِ اہل بیت علیہم السلام کے احیا کے لئے ان کی خصوصی خدمات کا بھی ذکر کیا گیا۔
دریں اثنا، لکھنؤ کے معروف دینی ادارے تنظیم المکاتب میں مرحوم کی یاد میں قرآن خوانی اور تعزیتی جلسہ بھی منعقد کیا گیا۔ اسی طرح لکھنو کے تاریخی چھوٹا امام باڑہ میں مرکز فقہ و فقاہت کی جانب سے تعزیتی جلسہ اور مجلس ترحیم منعقد ہوئی۔

ہندوستان کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والے یہ تعزیتی پیغامات اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ آیۃ اللہ العظمیٰ وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی علمی و دینی شخصیت کو ملک کے مختلف شیعہ علمی و مذہبی حلقوں میں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔




