ہندوستان
ہندوستان بہار میں سیلاب کی صورتِ حال سنگین، گنڈک کا پشتہ ٹوٹنے سے سارن کے مزید علاقے زیرِ آب

ہندوستان کے صوبہ بہار میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب کی صورتِ حال سنگین ہوگئی ہے۔ گنڈک، گنگا، کوسی، باگمتی اور گھاگھرا ندیوں میں پانی کئی مقامات پر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ سارن ضلع میں گنڈک کا پشتہ ٹوٹنے سے مزید علاقے زیرِ آب آگئے، جس کے بعد راحت و بچاؤ کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق سارن میں این ڈی آر ایف کی 12 اور ایس ڈی آر ایف کی 7 ٹیمیں تعینات ہیں، جبکہ فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے متاثرین تک راشن پہنچایا جا رہا ہے۔ اب تک 3,000 سے زائد راشن پیکٹ فضائی راستے سے تقسیم کیے جاچکے ہیں اور مزید امدادی سامان بھی روانہ کیا جارہا ہے۔ انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں امداد، بچاؤ اور ضروری خدمات کی فراہمی کے لیے نگرانی اور باہمی رابطہ مزید بڑھا دیا ہے۔



