اسپین اور مراکش کے درمیان سرحدی کشیدگی میں دوبارہ اضافہ؛ میڈرڈ نے سبتہ اور ملیلیہ پر مراکش کی خودمختاری کے دعوے کو مسترد کر دیا
اسپین اور مراکش کے درمیان سرحدی کشیدگی میں دوبارہ اضافہ؛ میڈرڈ نے سبتہ اور ملیلیہ پر مراکش کی خودمختاری کے دعوے کو مسترد کر دیا
اسپین کی حکومت نے ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے مراکش کی جانب سے دو شہروں «سبتہ» (Ceuta) اور «ملیلیہ» (Melilla) پر کسی بھی قسم کے حقِ حاکمیت کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے اور ان علاقوں کو اپنی سرزمین اور یورپی یونین کی سرحدوں کا ناقابلِ تقسیم حصہ قرار دیا ہے۔
اسپین کے روزنامہ "ال پائیس” (El País) کے مطابق، یہ سخت موقف مراکش کے وزیرِ انصاف کے حالیہ بیان کے جواب میں سامنے آیا ہے، جنہوں نے ان دونوں ساحلی شہروں کو مراکش کا "تاریخی اور جغرافیائی حق” قرار دیتے ہوئے ان کی مراکش کو منتقلی کے لئے ایک مشترکہ کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
اسپین کی وزارتِ خارجہ نے بھی واضح کیا ہے کہ اس نے سفارتی ذرائع کے ذریعے رباط حکومت کو اپنے واضح اور دوٹوک اختلاف سے آگاہ کر دیا ہے۔
مراکش 1956ء میں آزادی حاصل کرنے کے بعد سے ان دونوں علاقوں کو اپنے زیرِ قبضہ علاقے قرار دیتا آیا ہے۔ یہ تنازع حالیہ عرصے میں مہاجرین کی غیر معمولی بڑی تعداد کی آمد اور درجنوں افراد کی ہلاکت کے باعث مزید پیچیدہ انسانی اور سیاسی بحران کی شکل اختیار کر گیا ہے۔




