تصاویر کے ذریعہ واقعۂ کربلا کی مؤثر پیشکش، جلوس چہلم میں منفرد تبلیغی کیمپ کا انعقاد

لکھنؤ: چہلمِ حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر تصاویر کے ذریعہ واقعۂ کربلا کو مومنین و مومنات کے سامنے مؤثر اور منظم انداز میں پیش کیا گیا۔ اس منفرد تبلیغی اقدام کو عزادارانِ حسینی نے بے حد سراہا اور بڑی تعداد میں مومنین و مومنات نے اس سے استفادہ کیا۔
اس مقصد کے لئے مبلغین نے واقعۂ کربلا کے اہم مراحل پر مشتمل 15 تصویری پینل تیار کئے، جن میں 28 رجب 60 ہجری کو حضرت امام حسین علیہ السلام کی مدینہ منورہ سے روانگی، 8 ذی الحجہ 60 ہجری کو مکہ مکرمہ سے سفر، دورانِ سفر حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام کی شہادت کی خبر، راہِ کربلا کے اہم واقعات، 2 محرم کو سرزمینِ کربلا میں ورود، اور عاشورائے حسینی کے المناک واقعات کو ترتیب وار تصاویر کے ذریعہ پیش کیا گیا۔ نمائش کے آخری حصے میں حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم شہادت اور اس کے ابدی پیغام کو بھی تصویری انداز میں اجاگر کیا گیا۔

یہ تصویری نمائش چہلمِ امام حسین علیہ السلام کے جلوس کے راستے میں قائم کئے گئے ایک خصوصی تبلیغی کیمپ میں منعقد کی گئی، جہاں آنے والے عزاداروں کو تصاویر کی مدد سے واقعۂ کربلا کے تاریخی تسلسل، اس کے اسباب، قربانیوں اور پیغامِ حریت و انسانیت سے روشناس کرایا گیا۔
کیمپ میں مولانا سید غلام علی، مولانا سید اعجاز حسین رضوی، مولانا حیدر رضا، مولانا غفران عابد، مولانا مرزا ہاشم نجفی سمیت دیگر علماء و مبلغین نے تصاویر کی تشریح کرتے ہوئے حاضرین کو واقعۂ کربلا کے مختلف مراحل اور اس کے دینی، اخلاقی اور تربیتی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر سینکڑوں مومنین و مومنات نے کیمپ کا دورہ کیا، تصاویر کا مشاہدہ کیا اور علماء کی تشریحات سے بھرپور استفادہ کیا۔ شرکاء نے اس منفرد تبلیغی کاوش کو نئی نسل تک واقعۂ کربلا کے حقیقی پیغام کو مؤثر، آسان اور دلنشین انداز میں پہنچانے کی ایک قابلِ قدر اور کامیاب کوشش قرار دیا۔




