اربعین حسینی

مشی اربعین؛ فن، ادب اور میڈیا میں مؤثر داستان نگاری کا عظیم سرچشمہ

اربعینِ حسینی اور مشایۂ اربعین محض ایک مذہبی اجتماع نہیں، بلکہ ایسا عظیم انسانی، تہذیبی اور عالمی ثقافتی مظہر ہے جس نے سرحدوں، زبانوں اور نسلوں سے ماورا اخوت، محبت اور ایثار کا بے مثال نمونہ پیش کیا ہے۔ یہ عظیم اجتماع پائیدار ادبی، فنّی، سینمائی، دستاویزی اور ڈرامائی تخلیقات کے لئے غیر معمولی امکانات فراہم کرتا ہے۔ اس عظیم ثقافتی سرمایہ کو محفوظ رکھنے، اس کی دستاویز سازی کرنے اور آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے لئے منظم منصوبہ بندی اور تخلیقی کاوشوں کی اشد ضرورت ہے۔

ہمارے ساتھی رپورٹر نے اپنی خصوصی رپورٹ میں اس اہم موضوع کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔

مشایۂ اربعین صرف ایک مذہبی اجتماع کا نام نہیں بلکہ ایک عظیم انسانی، روحانی اور تہذیبی تحریک ہے، جس کے اثرات ہر سال مزید وسیع اور گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔

اربعینِ حسینی کے موقع پر دنیا کے مختلف ممالک، تہذیبوں، زبانوں اور ثقافتی پس منظر رکھنے والے لاکھوں زائرین کا ایک مقصد، ایک عقیدے اور ایک محبت کے تحت یکجا ہونا اس اجتماع کو ایک منفرد انسانی، جذباتی اور ڈرامائی کیفیت عطا کرتا ہے۔

یہی خصوصیت اسے عصرِ حاضر میں کہانی، ناول، فلم، تھیٹر، دستاویزی فلم اور دیگر تخلیقی فنون کے لئے ایک نہایت زرخیز اور الہام بخش میدان بنا دیتی ہے۔

مختلف ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی آراء اور تجزیوں میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ زائرین کے مشاہدات، تجربات اور یادداشتوں کو منظم انداز میں جمع، محفوظ اور درجہ بندی کی جائے۔ سفر کے آغاز سے لے کر کربلائے معلیٰ تک پیش آنے والے ہزاروں حقیقی واقعات، ایمان افروز داستانیں اور انسانی جذبات سے بھرپور مناظر ایسی قیمتی روایات ہیں جنہیں معیاری فلموں، دستاویزی فلموں، ٹیلی ویژن ڈراموں، ناولوں اور دیگر ادبی و فنّی تخلیقات میں ڈھالا جا سکتا ہے۔

اسی مقصد کے پیشِ نظر ایک اہم ضرورت یہ بھی ہے کہ مشایۂ اربعین کے راستوں پر خصوصی میڈیا مواکب، دستاویز سازی کے مراکز اور زائرین کی یادداشتوں کو محفوظ کرنے کے لئے مستقل مراکز قائم کئے جائیں، تاکہ یہ گراں قدر ثقافتی اور معنوی سرمایہ وقت کے ساتھ ضائع ہونے یا فراموشی کی نذر نہ ہو۔

مشایۂ اربعین کی نمایش اور انسانی جہت کا بنیادی محور انسان کی باطنی تبدیلی اور محبت، ایثار اور اخوت پر مبنی انسانی تعلقات ہیں۔

یہ سفر محض جسمانی مسافت کا نام نہیں بلکہ ایک شعوری، اختیاری اور روحانی سفر ہے، جس میں انسان اپنی نفسانی خواہشات اور ذاتی وابستگیوں سے بلند ہو کر خودسازی، خدمتِ خلق، قربانی اور اخلاقی ارتقا کی منازل طے کرتا ہے۔

اسی راہ میں موکب والوں کی بے مثال سخاوت، بے لوث خدمت، ایثار، مہمان نوازی اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے زائرین کے درمیان قائم ہونے والے محبت، ہمدردی اور اخوت کے رشتے ایسے نادر موضوعات ہیں جو ادیبوں، فلم سازوں، ڈرامہ نگاروں اور دیگر فن کاروں کے لیے تخلیقی اظہار کے بے شمار دروازے کھولتے ہیں۔

امام حسین علیہ السلام کی سیرتِ طیبہ، آپؑ کی اخلاقی تعلیمات اور مقصدِ کربلا ہی اس روحانی بیداری، باطنی انقلاب اور شخصیت کی مثبت تبدیلی کا حقیقی سرچشمہ ہیں۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق نوجوان فن کاروں، تخلیق کاروں اور باصلاحیت افرادی قوت کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ، غیر ضروری انتظامی رکاوٹوں میں کمی، اور مختلف زبانوں میں فلموں، ڈراموں، موسیقی اور دیگر فنّی منصوبوں کی تیاری مشایۂ اربعین کے آفاقی، انسانی اور اخلاقی پیغام کو دنیا بھر کے انسانوں تک مؤثر انداز میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

اس عظیم تاریخی اور عالمی روحانی مظہر کو دانشمندی، بصیرت اور دوراندیشی کے ساتھ سمجھنے اور پیش کرنے کی ضرورت ہے۔

سطحی نگاہ سے گریز کرتے ہوئے اگر اس کے انسانی، اخلاقی اور تہذیبی پہلوؤں کو عالمی ذرائع ابلاغ اور فنونِ لطیفہ کے ذریعہ مؤثر انداز میں پیش کیا جائے تو ثقافتِ حسینی کی لازوال اقدار نہ صرف محفوظ رہیں گی بلکہ آنے والی نسلوں اور پوری انسانیت کے لیے بھی ایک دائمی سرچشمۂ ہدایت، محبت اور انسانی اخوت ثابت ہوں گی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button