عراق کی سابق حکومت کے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری

عراق کی سابق حکومت کے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا سلسلہ اب بھی قانونی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔
عراق کی اعلیٰ فوجداری عدالت نے اعلان کیا ہے کہ نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ملزمان کے خلاف تقریباً 3300 وارنٹِ گرفتاری جاری کئے جا چکے ہیں، تاہم ملزمان کے ملک سے باہر موجود ہونے کے باعث یہ وارنٹ اب تک نافذ نہیں ہو سکے۔
نون عراق نیوز ایجنسی کے مطابق، عدالت کے سربراہ سعد اللامی نے کہا کہ عراقی قانون کے مطابق ایسے جرائم پر مرورِ زمان (Limitation Period) لاگو نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 160 افراد کو سزا سنائی جا چکی ہے، جن میں سے 26 افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بعض ممالک کے ساتھ مجرموں کی حوالگی (Extradition) کے معاہدے نہ ہونے کے باعث باقی ماندہ ملزمان کی گرفتاری اور انہیں عراق منتقل کرنے کا عمل مشکلات کا شکار ہے۔




