عراقی وزیرِ اعظم کی عاشورا زیارت کے انتظامات پر خصوصی ہدایات، اربعین کے لئے جامع منصوبہ فوری تیار کرنے کا حکم
عراقی وزیرِ اعظم کی عاشورا زیارت کے انتظامات پر خصوصی ہدایات، اربعین کے لئے جامع منصوبہ فوری تیار کرنے کا حکم
عراق کے وزیرِ اعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف علی فالح الزیدی نے لاکھوں زائرین کی زیارتوں سے متعلق اعلیٰ کمیٹی کے اجلاس میں ماہِ محرم کے دوران سکیورٹی اور خدمات کی مکمل فراہمی پر زور دیا۔
میڈل ایسٹ نیوز کے مطابق، مواصلاتی راستوں اور انتظامی امور سے متعلق رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے ہدایت دی کہ یومِ عاشورا کی زیارت اور اندرونِ و بیرونِ ملک سے آنے والے لاکھوں زائرین کی میزبانی کو کامیاب بنانے کے لئے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سکیورٹی اقدامات میں انٹیلی جنس معلومات کو بنیادی اہمیت دی جائے اور مذہبی شہروں و زائرین کے راستوں پر غیر ضروری عسکری ماحول پیدا کرنے سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے عزاداروں کی واپسی کے مرحلے کو منظم اور پُرسکون بنانے، نیز محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کو متعلقہ اداروں کی اولین ترجیحات قرار دیا۔ مزید برآں، انہوں نے ہدایت کی کہ عاشورا کے فوراً بعد اربعینِ حسینیؑ کے لئے جامع سکیورٹی اور خدماتی منصوبہ تیار کیا جائے۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ میڈیا کے بیانیے میں قومی وحدت کو فروغ دیا جائے، فرقہ وارانہ کشیدگی سے اجتناب کیا جائے اور نہضتِ امام حسین علیہ السلام کے انسانی، اخلاقی اور عالمگیر پیغام کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے تاکہ اس عظیم مناسبت کی روح اور عظمت بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے پیش کی جا سکے۔




