محرم الحرام میں کروڑوں زائرین کی سلامتی اور سہولیات کے لئے جامع سیکیورٹی و خدماتی منصوبہ؛ تاسوعا و عاشورا تک تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ

محرم الحرام کے ایام، بالخصوص تاسوعا اور عاشورا تک، کروڑوں زائرین کی سلامتی، تحفظ اور رفاہی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے عراقی حکام نے ایک جامع سیکیورٹی اور خدماتی منصوبہ تیار کیا ہے۔
عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "واع” کے مطابق، اس وسیع منصوبے میں ممکنہ چیلنجز، سیکیورٹی خطرات اور انتظامی و لاجسٹک ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے تاکہ اس عظیم مذہبی اجتماع کا مؤثر اور منظم انتظام یقینی بنایا جا سکے۔
اس منصوبہ کا بنیادی مقصد تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی پیدا کرنا، زائرین کو بلا تعطل خدمات فراہم کرنا، آمد و رفت کو سہل بنانا اور شہرِ مقدس کربلا کی جانب جانے والے تمام راستوں پر پائیدار امن و امان برقرار رکھنا ہے، تاکہ عزادارانِ امام حسین علیہ السلام اطمینان اور سکون کے ساتھ اپنے مذہبی مراسم انجام دے سکیں۔
اس خصوصی منصوبے کے نفاذ میں عتباتِ مقدسہ کے نمائندگان، عراقی سیکیورٹی فورسز، خدماتی وزارتیں، پولیس حکام، انٹیلی جنس اور عسکری ادارے سمیت تمام متعلقہ فریق شریک ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے اپنی ذمہ داریوں کے مطابق پیشگی تیاریوں اور مکمل آمادگی پر زور دیا۔
اس سلسلہ میں مختلف اداروں کے درمیان وسیع پیمانے پر رابطے اور مشاورت کی گئی ہے تاکہ مشترکہ کوششوں کو یکجا کرکے محرم الحرام کے ان عظیم اور میلیونی اجتماعات کو کامیابی، نظم و ضبط اور امن کے ساتھ منعقد کیا جا سکے۔
یہ فیصلے اور انتظامات مشترکہ آپریشنز کے نائب کمانڈر اور میلیونی زیارات کی اعلیٰ سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ، قیس المحمداوی کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں طے پائے، جہاں زائرین کی سلامتی، سہولت اور بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔




