قوم میں ضعف کی وجہ جہالت ہے: مولانا سید کلب احمد نقوی

لکھنو۔ شاہی آصفی مسجد میں 8 مئی 2026 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام مولانا سید کلب احمد نقوی کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
مولا سید کلب احمد نقوی نے علم پر زور دیتے ہوئے فرمایا: قوم میں جو بھی ضعف پایا جاتا ہے وہ جہالت کی وجہ سے ہے۔ لہذا قوم کے تمام ذمہ داران، لیڈران اور صاحبان حیثیت سے گزارش ہے کہ قوم کی تعلیم کے سلسلہ میں خدمت کریں۔
انہوں نے مزید فرمایا: اگر ہمارے پاس مضبوط تعلیمی ادارے نہیں ہوں گے، ہم تعلیم سے محروم ہوں گے تو دشمن ہمیں کہیں بھی ڈھکیل سکتا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مشہور حدیث "علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت کا فریضہ ہے۔” کو بیان کرتے ہوئے مولانا سید کلب احمد نقوی نے فرمایا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ حدیث اس وقت ارشاد فرمائی کہ جب یورپ میں اگر کوئی خاتون بائبل پڑھنا چاہتی تو اسے چڑیل کہہ کر چوراہے پر لٹکا کر مار دیا جاتا تھا۔ اگر آپ غور کریں تو معلوم ہوگا کہ جتنی بھی علمی ترقی ہوئی ہے وہ اعلان اسلام کے بعد ہوئی ہے۔
امام جعفر صادق علیہ السلام کی تعلیمات کو ذکر کرتے ہوئے مولانا سید کلب احمد نقوی نے فرمایا: اگر امام جعفر صادق علیہ السلام کے سائنسی نکات اور تعلیمات نہ ہوتی تو آج دنیا میں یہ ترقی کے سامان نہ ہوتے۔ نہ یہ مائک ہوتا، نہ یہ کیمرہ ہوتا اور نہ ہی یہ فون ہوتا۔ یہ تمام ترقیاں امام علیہ السلام کی تعلیمات کا نتیجہ ہیں۔




