15 ذی الحجہ، یوم ولادت باسعادت امام ہادی علیہ السلام
15 ذی الحجہ، یوم ولادت باسعادت امام ہادی علیہ السلام
امام علی نقی علیہ السلام ہمارے دسویں امام ہیں، آپ کے والد ماجد جواد الائمہ امام محمد تقی علیہ السلام اور والدہ گرامی حضرت سمانہ سلام اللہ علیہا تھیں۔
آپ کا نام نامی اسم گرامی علی، کنیت ابوالحسن ثالث اور القاب نقی، ہادی، طیب ، امین ، ناصح اور مرتضیٰ ہے۔
امام علی نقی علیہ السلام کا دور امامت 34 برس رہا اور بعض دیگر روایات کے مطابق 243 ہجری تک آپ مدینہ منورہ میں رہے اور باقی عمر سامرہ میں بسر کی۔
زیارت جامعہ کبیرہ اور زیارت غدیریہ امام علی نقی علیہ السلام نے تعلیم فرمائی ہے۔ جن کے فقرات مقام امامت کی معرفت میں اہم ہیں۔
امام علی نقی علیہ السلام کے معجزات و کرامات کثرت سے زخیم کتابوں میں موجود ہیں ۔آپ کے صحابی ابو ہاشم جعفری کا بیان ہے کہ ایک بار میں امام علیه السلام کے ساتھ جا رہا تھا۔ قرض اور فقر سے دل ملول تھا کہ امام علی نقی علیہ السلام نے زمین پر تلوار ماری اور مجھے حکم دیا کہ اٹھا لو ، میں نے اٹھا یا تو وہ سونا تھا ، دل مطمئن ہو گیا کہ قرض ادا ہو جائے گا لیکن خرچ کی فکر پھر بھی دامن گیر تھی کہ امام علیه السلام نے دوبارہ زمین پر تلوار ماری اور حکم دیا کہ اٹھا لو، اٹھایا تو چاندی تھی۔ آپ نے فرمایا ابوہاشم اب اطمینان حاصل ہوا۔ انہیں ابوہاشم سے روایت ہے کہ ایک سندھ کا رہنے والا امام نقی علیه السلام کی خدمت میں آیا اور اس نے عربی زبان میں سوال کیا تو آپ نے اسے سندھی زبان میں جواب دیا ۔ مجھے بہت تعجب ہوا ، جب وہ چلا گیا تو میں نے تعجب کا اظہار کیا ۔امام علیه السلام نے زمین پر پڑی کنکری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اٹھانے کا حکم دیا، امام علیه السلام نے اس کنکری پر تھوڑا سا لعاب دہن لگا کر فرمایا کہ اسے اپنے دہن میں رکھ لو ۔ میں نے جیسے ہی دہن میں رکھا تو میں بھی 73 زبانوں کا عالم ہو گیا۔