غزہ میں اقوام متحدہ کے خوراکی گودام پر ہجوم کے دوران چار افراد ہلاک
غزہ میں اقوام متحدہ کے خوراکی گودام پر ہجوم کے دوران چار افراد ہلاک
گارڈین کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کے دیر البلح میں اقوام متحدہ کے عالمی خوراک پروگرام (WFP) کے گودام پر ہزاروں فلسطینیوں کے دھاوا بولنے کے دوران چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ صحت حکام کا کہنا ہے کہ دو افراد ہجوم میں کچلے جانے سے ہلاک ہوئے جبکہ دو افراد گولیوں سے جان سے گئے، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گولیاں کس نے چلائیں۔ WFP نے اس واقعے کو "تشویشناک اور بگڑتی ہوئی صورتحال” کی علامت قرار دیا ہے، جس کی وجہ 80 دن سے زائد عرصے سے جاری محاصرہ ہے جس نے خوراک کی امداد منقطع کر رکھی ہے۔
دوسری جانب، جنوبی غزہ میں ایک امدادی مرکز پر ہجوم کے دوران ایک شخص ہلاک اور 48 افراد زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے مرکز کے باڑ کو توڑنے کے بعد اسرائیلی افواج نے گولیاں چلائیں۔ یہ مرکز اسرائیل کی منظوری سے چلنے والی "غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن” کے زیر انتظام تھا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے شہریوں پر فائرنگ نہیں کی بلکہ صرف انتباہی فائرنگ کی گئی۔ اقوام متحدہ نے بھوک کے پھیلاؤ پر انتباہ جاری کیا ہے، کیونکہ ایندھن کی کمی کی وجہ سے بیکریاں بند ہو چکی ہیں اور خوراک کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ امدادی ایجنسیوں کے مطابق، پانچ سال سے کم عمر کے 70 ہزار سے زائد بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔