دفتر نمائندگی آیۃ اللہ سیستانی لکھنو میں مجلس عزائے فاطمی منعقد

لکھنو: روزِ شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے موقع پر سجاد باغ کالونی میں دفتر نمائندگی آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ میں مجلس عزائے فاطمی منعقد ہوئی۔
مجلس کا آغاز مولانا سید محمد حسین رضوی نے تلاوت قرآن کریم اور دعائے توسل سے کیا، جس کے بعد مولانا شبیر علی قمی نے خطاب کیا۔
انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام کی محبت و معرفت بہت بڑی الٰہی نعمت ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے: ’’فاطمہ میرا ٹکڑا ہے، جس نے فاطمہ کو اذیت دی، اس نے مجھے اذیت دی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا مقام و مرتبہ ایسا بلند ہے کہ ان کی عظمت خود رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشادات سے نمایاں ہیں۔
مولانا شبیر علی قمی نے سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت، خانہ داری، قناعت اور امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے ساتھ زندگی کے واقعات بیان کرتے ہوئے ان کی خدمتِ رسول اور ایثار و قربانی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے واقعۂ شہادت رسول کے بعد پیش آنے والے مصائب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے دین، امامت اور ولایت کے تحفظ کے لئے عظیم قربانیاں پیش کیں۔
بعد مجلس مولانا قمر الحسن زینبی نے نوحہ خوانی کی اور حاضرین نے سینہ زنی کی۔




