تیونس: عدالت نے داعش کے سرگرم رکن کی 55 سال قید کی سزا برقرار رکھی

تیونس کی عدلیہ نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے دہشت گرد تنظیم داعش کے ایک سرگرم رکن کے خلاف سخت سزا کو برقرار رکھا ہے۔
راشا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق، تیونس کی اپیل عدالت نے بلال الشواشی، جو داعش کا رکن اور شدت پسند تنظیم انصار الشریعہ کا سابق فعال عنصر بھی رہ چکا ہے، کو دہشت گردی سے متعلق جرائم کے الزام میں 55 سال قید کی سزا حتمی طور پر برقرار رکھی۔
رپورٹ کے مطابق، اس پر شام میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے، عسکری تربیت حاصل کرنے اور تیونس کی سرزمین کو نئے افراد کی بھرتی کے لئے استعمال کرنے کے الزامات ثابت ہوئے۔
بلال الشواشی کے اثاثے پہلے ہی تیونس کی قومی انسدادِ دہشت گردی کمیٹی کی جانب سے منجمد کئے جا چکے ہیں۔ اس نے ماضی میں ایک ویڈیو پیغام کے ذریعو تیونس کی سیکیورٹی فورسز کو دہشت گرد حملوں کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔




