عیدِ غدیر کی تیاریاں عروج پر؛ عراق کے مقدس مزارات ولایت کی خوشیوں سے جگمگا اٹھے

نجف اشرف، سامرہ اور کاظمین کے مقدس مزارات پر عیدِ سعید غدیر خم کی مناسبت سے شاندار تزئین و آرائش اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
روضہ مقدس امیرالمؤمنین علیہ السلام، روضہ مبارک امامین عسکریین علیہما السلام اور روضہ مبارک امامین کاظمین علیہما السلام کو چراغاں، گل آرائی، بینرز اور پرچموں سے سجایا گیا، جبکہ ولایتِ امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کے عنوان سے خصوصی دیوارنگارے اور سجاوٹ بھی نصب کی گئی۔

نجف اشرف میں باب القبلہ پر غدیر کے موضوع پر سب سے بڑے دیوار نگارے کی رونمائی کی گئی، جبکہ روضہ مبارک امیرالمؤمنین علیہ السلام اور روضہ مبارک امامین کاظمین علیہما السلام میں پرچمِ ولایت کے نصپ کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ دوسری جانب سامرہ میں بھی روضہ مبارک امامین عسکریین علیہما السلام کو عیدِ غدیر کی مناسبت سے دیدہ زیب انداز میں آراستہ کیا گیا۔

ان مقدس مزارات پر زائرین کی بڑی تعداد نے حاضری دے کر امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کی ولایت سے تجدیدِ عہد کیا اور عیدِ غدیر کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کی۔




