امام ہادی علیہ السلام؛ شیعوں کے مظلوم پیشوا اور عصرِ غیبت کی تیاری کرنے والے امام

امام ہادی علیہ السلام کا دورِ امامت تاریخِ تشیع کے نہایت حساس اور فیصلہ کن ادوار میں شمار ہوتا ہے۔
یہ وہ زمانہ تھا جب عباسی حکومت کا دباؤ اپنی انتہا کو پہنچ چکا تھا اور امام علیہ السلام نے اپنی حکمتِ عملی اور دینی قیادت کے ذریعے شیعہ معاشرے کو عصرِ غیبت اور حضرت حجت عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے دور کے لیے تیار فرمایا۔
ہمارے ساتھی نے اپنی رپورٹ میں اس موضوع کا جائزہ لیا ہے، ملاحظہ فرمائیے:
امام ہادی علیہ السلام نے ایسے حالات میں امتِ اسلامی کی قیادت سنبھالی جب عباسی حکومت وسیع پابندیوں، رابطوں پر کنٹرول اور سخت سکیورٹی نگرانی کے ذریعے لوگوں کا امامِ معصوم علیہ السلام سے تعلق کمزور کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔
آپ علیہ السلام کو زبردستی سامرہ منتقل کرنا بھی اسی پالیسی کا حصہ تھا۔
ان تمام دباؤ اور مشکلات کے باوجود امام ہادی علیہ السلام نہ صرف شیعوں کے عقیدۂ امامت کو محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوئے بلکہ آپ علیہ السلام نے شیعہ معاشرے میں ایک نئے اور منظم رابطہ والے نظام کی بنیاد بھی رکھی۔
اسی دور میں نظامِ وکالت کو مزید وسعت ملی اور شیعوں، اور دینی علماء اور امامِ معصوم علیہ السلام کے درمیان تعلقات ایک منظم انداز میں جاری رہے۔
تاریخِ تشیع کے بہت سے محققین کا عقیدہ ہے کہ امام ہادی علیہ السلام کا دور درحقیقت حضرت حجت عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے زمانے اور عصرِ غیبت تک پہنچنے کی تمہید اور آغاز تھا۔
سامرہ میں نگرانی اور محدودیت کے حالات نے شیعوں کو بتدریج امامِ معصوم علیہ السلام سے رابطے کے نئے طریقوں سے آشنا کیا۔
یہی تجربہ بعد میں غیبتِ صغریٰ اور پھر غیبتِ کبریٰ کے زمانے میں بنیادی اہمیت کا حامل ثابت ہوا۔
اگرچہ تمام ائمۂ اطہار علیہم السلام مظلوم رہے ہیں اور انہیں ان کے بلند مقام کے مطابق نہیں پہچانا گیا، لیکن امام ہادی علیہ السلام بلا شبہ مظلوم ترین ائمۂ معصومین علیہم السلام میں شمار ہوتے ہیں۔
آپ علیہ السلام کی علمی، ثقافتی، سماجی اور تمدنی شخصیت حتیٰ کہ بہت سے شیعوں کے نزدیک بھی اپنی حقیقی عظمت کے مطابق معروف نہیں ہو سکی۔
اس تاریخی کردار کے ساتھ ساتھ امام ہادی علیہ السلام کی جانب سے ہم تک پہونچنے والا عظیم اعتقادی اور معرفتی سرمایہ، خصوصاً امام شناسی اور اہلِ بیت علیہم السلام کے مقام کی وضاحت کے حوالے سے، عالمِ تشیع کے اہم ترین فکری ذخائر میں شمار ہوتا ہے۔
یہ ایسا علمی ورثہ ہے جو آج بھی فکری اور اعتقادی چیلنجوں کا سامنا کرنے میں امتِ اسلامی کی رہنمائی کر سکتا ہے۔
امام ہادی علیہ السلام کا یہ قیمتی اعتقادی اور معرفتی ورثہ، بالخصوص زیارت جامعہ کبیرہ اور زیارت غدیریہ، مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام میں امام شناسی کے اہم ترین منابع میں شمار ہوتا ہے۔
یہ آثار نہ صرف امامت کے مقام و منزلت کو واضح کرتے ہیں بلکہ ائمۂ اطہار علیہم السلام کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں اور امت کی ہدایت میں ان کے کردار کو بھی روشن انداز میں بیان کرتے ہیں، اور آج تک شیعہ معارف کے بنیادی اور اہم ترین متون میں شمار ہوتے ہیں۔




