مساجدِ سبعہ مدینہ منورہ؛ غزوۂ خندق کی تاریخی یادگاریں اور مسلمانوں کی استقامت کی علامت

مدینہ منورہ میں جبلِ سلع کے مغربی حصے میں تاریخی مساجد کا ایک مجموعہ واقع ہے جسے “مساجدِ سبعہ” کہا جاتا ہے۔ یہ مساجد صدرِ اسلام کے نہایت اہم اور فیصلہ کن واقعہ یعنی غزوۂ خندق کی یاد تازہ کرتی ہیں۔
یہ مقدس مقامات آج بھی عالمِ اسلام کی تاریخی اور روحانی شناخت کا اہم حصہ سمجھے جاتے ہیں۔
ہمارے ساتھی رپورٹر نے اس موضوع پر ایک رپورٹ تیار کی ہے، آئیے مل کر دیکھتے ہیں:
اس خندق کے باقی ماندہ آثار کے کنارے، جو مسلمانوں نے 5 ہجری میں مدینہ کے دفاع کے لئے کھودی تھی، چند تاریخی مساجد واقع ہیں جنہیں تاریخی مصادر میں “مساجدِ سبعہ” کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
یہ علاقہ جبلِ سلع کے دامنِ مغرب میں واقع ہے اور جغرافیائی و تاریخی لحاظ سے مدینہ منورہ کے اہم ترین مقامات میں شمار ہوتا ہے۔
یہ مساجد دراصل اُن ایام کی یادگار ہیں جب نوپید اسلامی معاشرہ مخالف قبائل کے شدید خطرات سے دوچار تھا، مگر تدبیر، اتحاد اور خندق کی حکمتِ عملی کے ذریعہ مسلمانوں نے مدینہ کا کامیاب دفاع کیا۔
تاریخی روایات کے مطابق مدینہ کے دفاع کے لئے خندق کھودنے کی تجویز حضرت سلمان فارسی رضوان اللہ تعالی علیہ نے رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ کے سامنے پیش کی تھی، اور یہی حکمتِ عملی احزاب کے وسیع حملے کے مقابلے میں مسلمانوں کے دفاع کا اہم سبب بنی۔ یہ اقدام بعد میں تاریخِ اسلام کے ایک اہم موڑ کی حیثیت اختیار کر گیا۔
ان مساجد میں سے ہر ایک کو اُس دور کی شخصیات یا اہم واقعات کی نسبت سے منسوب کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے یہ مجموعہ صدرِ اسلام کی ایک زندہ تاریخی دستاویز سمجھا جاتا ہے۔
خبر رساں ایجنسی “الجزیرہ” کے مطابق مساجدِ سبعہ نہ صرف مذہبی اعتبار سے اہمیت رکھتی ہیں بلکہ تاریخی لحاظ سے بھی مدینہ میں اسلامی معاشرے کی تشکیل کے اہم مراحل کی نمائندگی کرتی ہیں۔
رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ غزوۂ خندق مدینہ کے استحکام اور مسلمانوں کے اتحاد میں ایک بنیادی سنگِ میل ثابت ہوا، اور یہی مساجد اسی تاریخی پس منظر میں وجود میں آئیں۔
اسی میڈیا ایجنسی کے تجزیے میں یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ آج یہ مقامات زائرین کی اہم منزل بن چکے ہیں اور نئی نسل کو صدرِ اسلام کی تاریخ سے روشناس کرانے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس علاقہ کا دورہ کرنے والے افراد مساجدِ سبعہ کو صرف تاریخی عمارتیں نہیں بلکہ اسلام کی ایک نازک ترین گھڑی میں ایمان، صبر اور استقامت کی علامت سمجھتے ہیں۔
روحانی اہمیت کے ساتھ ساتھ اسلامی تاریخ کے محققین بھی اس مجموعہ کو مدینہ کی تاریخی جغرافیہ کے مطالعہ کے لئے نہایت اہم ماخذ قرار دیتے ہیں۔
خندق کے راستے پر واقع یہ مساجد اُس دور میں مسلمانوں کو درپیش سخت حالات کی واضح تصویر پیش کرتی ہیں؛ وہ حالات جو اتحاد، صبر اور ایمان کے ذریعے ایک عظیم اور فیصلہ کن کامیابی پر منتج ہوئے۔




