ہندوستان : اتراکھنڈ ہیلی کاپٹر حادثے میں 7 ہلاک
ہندوستان : اتراکھنڈ ہیلی کاپٹر حادثے میں 7 ہلاک
رودر پریاگ/دہرادون۔ اتراکھنڈ میں رودر پریاگ کے گوری کنڈ علاقہ میں اتوار کو ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں پائلٹ سمیت 7 لوگوں کی موت ہو گئی۔ ہیلی کاپٹر 5 عقیدت مندوں اور مندر کمیٹی کے ایک ملازم کو بابا کیدار ناتھ کے درشن کرانے کے بعد واپس لا رہا تھا کہ خراب موسم کی وجہ سے حادثے کا شکار ہو گیا۔ جس میں پائلٹ سمیت تمام 7 لوگوں کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں ایک 23 ماہ کی لڑکی بھی شامل ہے۔ یہ خاندان مہا راشٹرا کا رہنے والا تھا۔ ہیلی سروس کے نوڈل افسر راہل چوبے نے بتایا کہ آرین ایوی ایشن کمپنی کا ہیلی کاپٹر وی ٹی بی کے اے/بی ای ایل ایل 407 اتوار کی صبح تقریبا ساڑھے پانچ بجے گوری کنڈ علاقہ میں گر کر تباہ ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر گوری مائی کھرک کے اوپر جنگل میں گرا۔ حادثے کی وجہ خراب موسم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کیدار ناتھ دھام سے گپت کاشی جا رہا تھا۔ گوری کنڈ کے اوپر گھاس کاٹ رہی نیپالی نژاد خواتین نے اس حادثے کی اور غبار اٹھنے کی اطلاع دی تھی۔