اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ نے اسلامو فوبیا کو عالمی خطرہ قرار دیا
اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ نے اسلامو فوبیا کو عالمی خطرہ قرار دیا
اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لئے اقوام متحدہ کے پہلے خصوصی نمائندے میگل آنخل موراتینوس نے ایک انٹرویو میں کہا: اقوام متحدہ مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک اور نفرت سے نمٹنے کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی نے اقوام متحدہ کی سرکاری ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ موراتینوس نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری نے مارچ 2024 میں ایک قرارداد منظور کر کے مسلم مخالف تشدد کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے دنیا کے مختلف خطوں میں نسل پرستانہ اور اسلامو فوبیا کے حملوں میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسلامو فوبیا نہ صرف مسلمانوں کے لئے خطرہ ہے بلکہ آج کی دنیا میں امن سلامتی اور بقائے باہمی کے لئے بھی ایک عالمی خطرہ ہے۔
موراتینوس نے مزید کہا: سب نے محسوس کیا کہ مسلمانوں کے خلاف عدم برداشت اور نفرت کا مقابلہ کرنے کے لئے کچھ سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔
انہوں نے حکومتوں، بین الاقوامی اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان وسیع تعاون پر زور دیا تاکہ اسلاموفوبیا کی بنیادوں کو ختم کیا جا سکے اور تعلیم، مکالمے اور بیداری کے ذریعے ادیان اور ثقافتوں کے درمیان باہمی احترام کو مضبوط کیا جا سکے۔




