اسلامی دنیاخبریںمقدس مقامات اور روضے

عرب و عجم میں منایا گیا جشن میلاد امام علی رضا علیہ السلام

سلطان عرب و عجم امام علی رضا علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت پر مشہد مقدس سمیت عرب و عجم میں منایا گیا جشن میلاد۔

مشہدِ مقدس: امام علی رضا علیہ السلام کے یومِ ولادت کے موقع پر روضہ امام علی رضا علیہ السلام میں پرچم اور ضریحِ مبارک کے غلاف کی تبدیلی کی روح پرور تقریب روضہ مبارک کے متولی کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس بابرکت صبح حرمِ ثامن الحجج کی نقارہ گاہ میں نقاروں کی گونج نے فضا کو روحانیت سے بھر دیا۔

صحنِ انقلاب خوشیوں، روشنیوں اور درود و سلام کی صداؤں سے معمور رہا، جہاں زائرین کی عاشقانہ زمزمے اور ذکر کی بازگشت نے ایک روحانی منظر پیش کیا۔ نقارہ خانے کی گونج کے ساتھ صحن انقلاب اسلامی حرم مطہر رضوی عقیدت و محبت کے سمندر میں تبدیل ہو گیا۔

یوم میلاد کے اس پرمسرت موقع پر مشہدِ مقدس نے ایک منفرد رنگ اختیار کر لیا، جہاں زائرین کی بڑی تعداد صبح سویرے ہی شمس الشموس کے دربار میں حاضری کے لئے پہنچ گئی۔ کوئی دیوار سے ٹیک لگائے، کوئی فرش پر بیٹھا اور کئی افراد ادب سے کھڑے ہو کر زیارت میں مشغول دکھائی دیے۔

اس موقع پر ہر زائر اپنی اپنی نیت کے ساتھ حاضر ہوا۔ بعض شکرگزاری کے جذبات لئے ہوئے تھے، کچھ اپنی حاجات کی تکمیل کے لئے دعاگو تھے، جبکہ کئی صرف اپنے محبوب امامؑ کو مبارکباد پیش کرنے آئے تھے۔

حرم کی فضا نور اور عقیدت سے لبریز رہی، جہاں ہر چہرہ اپنی ایک داستان لئے نظر آیا۔ کوئی پنجرۂ فولاد کے سامنے دعا میں مصروف تھا تو کوئی درود و سلام کی گونج میں اپنے دل کی کیفیت بیان کر رہا تھا۔ اس روز مشہد دلوں کی عقیدت کا مرکز بن گیا، جہاں زائر اور مولا کے درمیان فاصلے سمٹتے محسوس ہوئے۔

میلادِ امام رضا علیہ السلام کے موقع پر دینی علماء اور محققین نے گفتگو کرتے ہوئے سیرتِ رضوی کے مختلف پہلوؤں اور عصر حاضر میں اس کے عملی اطلاق پر روشنی ڈالی۔

اطلاعات کے مطابق لاکھوں کی تعداد میں زائرین نے روضہ مبارک میں حاضری دی۔

قم میں روضہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا، شہر ری تہران میں روضہ حضرت عبد العظیم حسنی علیہ السلام، شیراز میں روضہ شاہ چراغ سید احمد علیہ السلام میں بھی بڑی تعداد میں زائرین نے حاضر ہو کر زیارت کی اور مبارکباد پیش کی۔

نجف، کربلا، کوفہ، کاظمین، سامرا اور کوفہ سمیت پورے عراق میں انتہائی عقیدت و احترام سے امام علی رضا علیہ السلام کا یوم ولادت منایا کیا۔ عراق میں موجود روضہ ہائے مبارک میں بڑی تعداد میں زائرین نے حاضر ہو کر زیارت کی اور مبارکباد پیش کی۔

اطلاع کے مطابق شام میں بھی یوم ولادت باسعادت امام علی رضا علیہ السلام منایا گیا۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شیعہ نشین شہروں اور دیہاتوں میں یوم ولادت باسعادت امام علی رضا علیہ السلام عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

دہلی، لکھنو، ممبئی، امروہہ، حیدرآباد سمیت ہندوستان بھر میں جشن میلاد امام علی رضا علیہ السلام جوش و خروش سے منایا گیا۔

اسی طرح پوری دنیا یورپ، امریکہ، ایشیاء ، افریقہ ہر جگہ شیعوں نے امام علی رضا علیہ السلام کا یوم ولادت شان و شوکت سے منایا، جشن منعقد کئے۔

اس موقع اہل ایمان نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی، مبارکباد کے میسج کئے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس سلسلہ میں مومنین و مومنات کی سرگرمیاں قابل مشاہدہ رہیں۔

قم مقدس ایران میں بیت مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ میں جشن میلاد منعقد ہوا، اسی طرح ان سے وابستہ تمام دفاتر و مراکز میں جشن میلاد منعقد ہوا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button