یوم ولادت امیرالمومنین علیہ السلام پر پاکستان بھر میں خوشیاں منائی گئیں اور جشن منعقد ہوا
تمام عالم اسلام کی طرح پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں بھی یوم ولادت باسعادت مولود کعبہ امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
ملک بھر میں مختلف تقاریب منعقد کی گئیں، جن میں یوم ولادت کا کیک کاٹنے سمیت، سماع کی محافل اور محافل میلاد کا انعقاد کیا جا گیا۔مساجد وامام بارگاہوں سمیت گلی محلوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
اس حوالے سےلاہور سول کورٹ اور سیشن کورٹ میں بھی کیک کاٹنے کی تقاریب منعقد ہوئی، جہاں وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کیک کاٹا۔
اندرون موچی دروازہ بھی محفل سماع کا اہتمام کیا گیا، جس میں معروف قوال زین عباس نے قصائد پیش کئے۔ جامعہ عروۃ الوثقیٰ، ادارہ منہاج الحسین، جامعہ المنتظر، جامعہ الحسین، مسجد صاحب الزمان اسلام پورہ، دربار بی بی پاکدامن، امامیہ کالونی، جعفریہ کالونی، غازی آباد، جوہر ٹاون، گارڈن ٹاون، مسلم ٹاون، بادامی باغ، نواں کوٹ، ٹھوکر نیاز بیگ، واپڈا ٹاون، بحریہ ٹاون سمیت شہر کی مختلف امام بارگاہوں اور شادی ہالز میں تقاریب کا سلسلہ جاری ہے۔
علمائے کرام اور ذاکرین عظام سمیت ثناء خواں حضرات نے بارگاہ امامت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ لاہور پریس کلب میں بھی جشن مولود کعبہ کے سلسلہ میں کیک کاٹا گیا۔ سکریٹری لاہور پریس کلب جعفر بن یار نے کیک کاٹا۔ اس موقع انصار زاہد سمیت صحافیوں کی ایک بڑی تعداد تقریب میں شریک ہوئی۔
اسی طرح کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان، پیشاور سمیت پورے ملک میں محافل منعقد ہوئیں اور جشن منایا گیا۔