امیر المومنین علیہ السلام کی تین بیٹیوں کا نام زینب تھا: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور ہفتہ 6 جماد الاول 1446 ہجری کو منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی قبر مبارک کے سلسلہ میں فرمایا: مرحوم آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد شیرازی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب "دعا و زیارت” میں ذکر کیا ہے کہ امیر المومنین علیہ السلام کی تین بیٹیوں کا نام زینب تھا اور ان کی کنیتیں ام کلثوم تھی۔ جن میں سے دو امیر المومنین علیہ السلام کی بیٹیوں کے ساتھ ساتھ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی بھی بیٹیاں تھیں جو زینب و ام کلثوم کے نام سے مشہور ہیں۔ حضرت ام کلثوم سلام اللہ علیہا کا نام بھی زینب تھا۔ تیسری زینب امیر المومنین علیہ السلام کی بیٹی تھیں لیکن حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی بیٹی نہیں تھیں۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: کتاب دعا و زیارت میں بعض علماء کے حوالے سے نقل ہوا ہے کہ امیر المومنین علیہ السلام کی ایک تیسری بیٹی کا نام بھی زینب تھا اور ان کی کنیت بھی ام کلثوم تھی، البتہ ان کی والدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نہیں تھیں اور یہ سب میں چھوٹی تھیں۔ انہوں نے امام حسین علیہ السلام کی حیات طیبہ میں مدینہ منورہ میں وفات پائی اور امام حسین علیہ السلام نے ان کی نماز جنازہ پڑھی اور انہیں دفن فرمایا۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے امیر المومنین علیہ السلام کی زینب نامی ان تینوں بیٹیوں کہ جن کی کنیتیں ام کلثوم تھی، کی قبرہائے مبارک کے سلسلہ میں فرمایا: حضرت زینب کبری سلام اللہ علیہا دمشق میں دفن ہیں، زینب وسطی سلام اللہ علیہا کہ جو ام کلثوم کے نام سے مشہور ہیں وہ مصر میں دفن ہیں اور زینب صغری سلام اللہ علیہا کہ جن کی کنیت بھی ام کلثوم تھی ان کی مدینہ منورہ میں امام حسین علیہ السلام کے زمانے میں وفات ہوئی اور وہیں دفن ہوئیں۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ علمی جلسات آپ کے دفتر واقع ایران، قم مقدس، خیابان چہار مردان، کوچہ 6 میں ایرانی وقت کے مطابق صبح 11:15 بجے منعقد ہوتا ہے۔
آپ ان علمی اجلاس کو براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھ سکتے ہیں۔