خبریںویڈیوز

18 جمادی الثانی؛ یوم شہادت شہیدِ ثالث قاضی نوراللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ

قلم اور استقامت کی لازوال داستان

تاریخ میں بعض شخصیات اپنی علمی عظمت اور بعض اپنی قربانیوں کے باعث زندہ رہتی ہیں، لیکن قاضی سید نوراللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی شخصیت علم، قلم، عقیدے اور شہادت کا ایک منفرد امتزاج ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کی علمی و فکری خدمت کے لئے وقف کردی اور بالآخر اسی راہ میں جامِ شہادت نوش کیا۔

علم و تحقیق کا روشن سفر

قاضی نوراللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ 956 ہجری میں ایران کے شہر شوشتر میں پیدا ہوئے۔ مشہد مقدس میں علومِ دینیہ کی تحصیل کے بعد ہندوستان تشریف لائے۔ فقہ، اصول، حدیث، تفسیر، کلام، فلسفہ اور ادب میں مہارت کے باعث عہد اکبری میں لاہور کے منصبِ قضا پر فائز ہوئے۔ انہیں فقہِ امامیہ کے ساتھ دیگر اسلامی مکاتبِ فکر کے علمی ذخیرے پر بھی گہری دسترس حاصل تھی۔ یہی وسعتِ مطالعہ ان کے استدلال کی نمایاں قوت بنی۔

احقاق الحق؛ دفاعِ امامت کا علمی شاہکار

ان کی شہرۂ آفاق تصنیف "احقاق الحق و ازهاق الباطل” عقائدِ اہلِ بیت علیہم السلام کے دفاع میں ایک اہم علمی کارنامہ ہے۔ علامہ حلی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی کتاب "نہج الحق و کشف الصدق” کے رد میں قاضی فضل بن روزبہان خنجی نے "ابطال الباطل” لکھی تھی۔ قاضی شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے اس کے جواب میں "احقاق الحق” تالیف کی اور مخالفانہ اعتراضات کا مدلل جواب پیش کیا۔ اس کتاب میں انہوں نے مخالف مکتب کے معتبر مصادر سے بھی استدلال کیا، جو ان کی وسعتِ مطالعہ اور علمی بصیرت کا ثبوت ہے۔

ان کی دوسری اہم تصنیف "الصوارم المهرقة” ہے، جبکہ "مجالس المؤمنین” تاریخِ تشیع، علماء، ادباء، حکماء اور عرفاء کے حالات و آثار کا گراں قدر ذخیرہ ہے۔ یہ کتاب ان کے تاریخی شعور، ادبی ذوق اور وسیع مطالعہ کی عکاس ہے۔ ان کی دیگر تصانیف بھی فقہ، کلام اور حدیث سمیت مختلف علوم میں ان کی مہارت کی گواہی دیتی ہیں۔

معرفت، حکمت اور استقامت

قاضی شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی شخصیت کو محض ایک مناظر یا کلامی محقق تک محدود نہیں کیا جاسکتا۔ ان کی تحریروں میں حدیث اور دیگر مباحث سے واقفیت نمایاں ہے۔ اہلِ بیت علیہم السلام سے ان کی وابستگی علم و معرفت اور استدلال سے آراستہ تھی۔ انہوں نے اپنے دور کے پیچیدہ مذہبی و سیاسی ماحول میں حکمت اور بصیرت کے ساتھ علمی جدوجہد جاری رکھی۔ ان کی زندگی کا پیغام ہے کہ علم کی حقیقی قدر اسی وقت ہے جب وہ اخلاص، حق شناسی اور عملی استقامت سے وابستہ ہو۔

شہادت؛ حق گوئی کی قیمت

قاضی نوراللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کو 18 جمادی الثانی 1019 ہجری میں جہانگیر ملعون کے حکم سے مظلومانہ شہید کیا گیا۔ روایات کے مطابق انہیں سخت جسمانی سزا دی گئی، جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوئے۔

پیغام

شہیدِ ثالث رضوان اللہ تعالیٰ کا یومِ شہادت محض اظہارِ عقیدت کا موقع نہیں، بلکہ علمی و فکری محاسبہ کی دعوت بھی ہے۔ کیا ہم ان کی کتب کا مطالعہ کرتے ہیں؟ کیا عقائد کا دفاع تحقیق اور دلیل سے کرتے ہیں؟ کیا نئی نسل کو تاریخِ تشیع کے علمی سرمایے سے روشناس کرانے کی ذمہ داری ادا کررہے ہیں؟

آج جب علمی مباحث سطحی معلومات اور جذباتی نعروں کی زد میں ہیں، قاضی نوراللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی زندگی ہمیں وسعتِ مطالعہ، فکری دیانت، علمی جرأت اور استقامت کا درس دیتی ہے۔

انہوں نے قلم سے عقیدے کا دفاع کیا اور اپنی جان سے اس وابستگی کی قیمت ادا کی۔ ان کی شہادت نے ان کی فکر کو خاموش نہیں کیا؛ ان کی کتب آج بھی گواہی دے رہی ہیں کہ جسم فنا ہوجاتے ہیں، مگر علم و حق کے لئے اٹھنے والی آواز نسلوں تک زندہ رہتی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button