پانچ ہزار سے زائد بزرگوں پر کی گئی ایک عالمی تحقیق کے نتائج؛ مذہبی عقیدے اور روحانیت کا بڑھاپے میں بہتر زندگی، ذہنی صحت اور عمر میں اضافہ میں اہم کردار

ایک جامع سائنسی تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ دینی عقائد اور روحانی رجحانات، مضبوط سماجی روابط قائم کر کے اور انسانی زندگی کو بامقصد بنا کر، بزرگوں کے معیارِ زندگی اور اطمینان میں نمایاں اضافہ کرتے ہیں۔
ہمارے ساتھی نے اپنی رپورٹ میں اس موضوع کا جائزہ لیا ہے، جسے ہم ایک ساتھ دیکھتے ہیں:
اٹلی کی پادووا یونیورسٹی کے شعبہ صحتِ عامہ کے محققین نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ایشیا، افریقہ، امریکہ اور یورپ میں 60 سے 104 سال کی عمر کے 5,664 بزرگوں پر کئے گئے 21 بین الاقوامی مطالعات کے اعداد و شمار کو یکجا کر کے تجزیہ کیا، تو اس نتیجے پر پہنچے کہ مذہبی و روحانی ایمان اور معیارِ زندگی کے درمیان مثبت اور معنی خیز تعلق پایا جاتا ہے۔
نیوز نیٹ ورک "سی این این” کی رپورٹ کے مطابق، سائنسی جریدے «پلاس ایجنگ اینڈ ہیلتھ» (PLOS Aging and Health) میں شائع ہونے والے نتائج کی بنیاد پر، یہ مثبت ہم آہنگی ایشیائی معاشروں میں سب سے زیادہ مضبوط دیکھی گئی، جہاں دین اور مذہبی روایات لوگوں کی سماجی و ثقافتی زندگی کے تانے بانے میں رچی بسی ہیں۔ اس کے بعد افریقہ اور امریکہ کا نمبر آتا ہے، جبکہ زیادہ سیکولر یورپی معاشروں میں یہ تعلق نسبتاً کمزور پایا گیا۔
اس تحقیق کے محققین زور دے کر کہتے ہیں کہ دینی ایمان صرف ذہنی سکون فراہم کرنے تک محدود نہیں، بلکہ یہ سماجی روابط، جذباتی حمایت کے حصول، دماغ کی ذہنی تحریک اور خطرناک رویوں میں کمی کا سبب بھی بنتا ہے، اور ان تمام عوامل کا مجموعہ بزرگوں کی عمر اور جسمانی صحت میں اضافہ میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ایسے حالات میں جب عالمی ادارہ صحت نے تنہائی اور سماجی علیحدگی کو بزرگوں کی صحت کے لئے ایک سنگین خطرہ قرار دیا ہے، مذہبی اجتماعات میں شرکت، ریٹائرمنٹ اور بڑھاپے کے دور میں تعلق، یکجہتی، امید اور مقصدیت کے احساس کو زندہ کرتی ہے اور انہیں زندگی کے فلسفہ کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔
اسی طرح تحقیقی مرکز "پیو” (Pew) کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں بزرگوں کی ایک بڑی تعداد، خاص طور پر اسلامی اور ایشیائی ممالک میں، دینی عقائد کی پابند ہے اور جسمانی و ذہنی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے اس روحانی صلاحیت سے فائدہ اٹھاتی ہے۔
بڑھاپے کی سماجیات کے ماہرین کا ماننا ہے کہ آنے والی دہائیوں میں دنیا میں بزرگوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر، نگہداشت کے پروگراموں میں روحانی و دینی حمایت کو شامل کرنا، صحت مند اور باوقار بڑھاپے کے حصول کے لئے ایک مؤثر حکمتِ عملی ہو سکتا ہے۔




