ہندوستان

آصفی مسجد میں آیت اللہ وحید خراسانی کی مجلسِ ترحیم

لکھنؤ۔ مجلس علمائے ہند کے زیرِ اہتمام آصفی مسجد لکھنؤ میں نمازِ جمعہ کے بعد عالمِ تشیع کے عظیم مرجعِ تقلید آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے ایصالِ ثواب کے لئے مجلسِ ترحیم منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام اور مؤمنین نے شرکت کرکے مرحوم کی علمی، فقہی اور دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا گلریز مہدی نے آیۃ اللہ العظمیٰ وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی علمی و فقہی شخصیت اور حوزہ ہائے علمیہ کے لئے ان کی گراں قدر خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی نابغۂ روزگار علمی و دینی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ ان کی علمی بصیرت، فقہی تحقیقات اور دینی آثار ہمیشہ اہلِ علم کے لئے سرچشمۂ رہنمائی رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی علمی و دینی خدمات کے ساتھ عزاداریِ اہلِ بیت علیہم السلام کے فروغ میں ان کا کردار بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی رحلت عالمِ تشیع اور علمی حلقوں کے لئے ایک عظیم علمی و دینی خسارہ ہے۔

مجلسِ ترحیم میں آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے وکیل مولانا محمد میاں عابدی، مولانا سرتاج حیدر زیدی نائب امام جمعہ شاہی آصفی مسجد، مولانا سید علی ہاشم عابدی، مولانا تنویر عباس، مولانا ڈاکٹر علی سلمان، مولانا افضال عابدی، مولانا فیروز حسین زیدی سمیت دیگر علمائے کرام اور مؤمنین نے شرکت کی۔

مجلس کا اختتام مرحوم کے لئے دعائے مغفرت و بلندیِ درجات اور پسماندگان و متعلقین کے لئے صبرِ جمیل کی دعا پر ہوا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button