
موسم پھر کروٹ لینے لگا،دہلی میں فضائی آلودگی کے سبب گرمی محسوس ہورہی ہے جبکہ نومبر میں دہلی میں ٹھنڈی پڑنے لگتی ہے۔
ملک بھر میں ایک بار پھر موسم کروٹ لینے لگا ہے۔دہلی میں جہاں فضائی آلودگی کی وجہ سے گرمی محسوس کی جارہی ہےوہیں یوپی اور بہار میں سرد لہر کی شروعات ہوچکی ہے جبکہ جنوبی ہند کی کچھ ریاستوں میں بارش کا الرٹ جاری کیاگیا ہے ۔ دہلی میں فضائی آلودگی کی وجہ سے درجہ حرارت۳۰؍ سے۳۲؍ ڈگری کے درمیان قائم ہے جبکہ نومبر میں دہلی کا درجہ حرارت مسلسل کم ہونے لگتا ہے۔
دہلی میں ۱۵؍ نومبر کے بعد درجہ حرارت میں گراوٹ متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والےطوفانی حالات کے سبب مغربی ہواؤں کی ہلچل بڑھ گئی ہے ۔ اس وجہ سے جنوبی ہند کی۴؍ ساحلی ریاستوں میں ۱۰؍ سے۱۴؍ نومبر کے درمیان تیز بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران شمالی ہند کی کئی ریاستوں میں ٹھنڈ نے دستک دے دی ہے۔ بہار، اتر پردیش اور جھارکھنڈ میں صبح و شام گھنا کہرا چھانے لگا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ۱۴؍ نومبر تک کیرالا، تمل ناڈو، آندھرا پردیش، پڈوچیری میں بارش کا اورینج الرٹ جاری کیا ہے ۔ پڈوچیری کے ماہے، ینم، کرائیکل میں بھی بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کرناٹک کے کچھ حصوں میں بھی بارش کیلئے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
طوفانی ہواؤں اور خراب موسم کو دیکھتے ہوئے ماہی گیروں کو کیرالالکش دیپ ساحل پر نہ جانے کی صلاح دی گئی ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لا لینا اثر کے فعال ہونے سے امسال ہندوستان اور بالخصوص شمالی ہند میں معمول سے زیادہ ٹھنڈ پڑنے کی عالمی موسمیاتی تنظیم نے پیش گوئی بھی کی ہے ۔ دسمبر کے پہلے ہفتہ میں بحرالکاہل میں لالینا فعال ہونے سے سمندر کی سطح ٹھنڈی ہوگی۔ پھر سمندر سے اٹھنے والی ہوائیں ہندوستان سے ٹکرائیں گی۔نومبر میں سرد لہر کا اثر بہار، جھارکھنڈ اور اتر پردیش میں نظرآنے لگا ہے۔




