3 جمادی الثانی یومِ شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا : دفاعِ ولایت کی پہلی شہید کو خراجِ عقیدت

تین جمادی الثانی 11 ہجری، حضرت صدیقۂ طاہرہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت کا دن ہے، جو رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ کی شہادت کے پچانوے دن بعد پیش آئی۔
یہ عظیم المرتبت بی بی، جنہوں نے مکتبِ وحی میں پرورش پائی اور رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ کے بعد پیدا ہونے والے انحرافات کے سامنے ڈٹ گئیں، دفاعِ ولایت کی راہ کی پہلی شہید اور انسانیت کے لیے ابدی نمونۂ عمل قرار پائیں۔
ہمارے ساتھی نے اپنی رپورٹ میں اس موضوع کو بیان کیا ہے، آئیے ساتھ مل کر دیکھتے ہیں :
تین جمادی الثانی اسلامی تاریخ کے کیلنڈر میں ایک تلخ اور جاں سوز دن کی یاد دلاتا ہے۔ اس دن عالمِ اسلام دخترِ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم، حضرت صدیقۂ طاہرہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت پر سوگوار ہوا اور اہلبیتِ عصمت و طہارت علیہم السلام کی مظلومیت کا ایک اور ورق الٹ گیا۔
آئیے آگے بڑھتے ہوئے اس عظیم خاتون کی زندگی کے مختلف پہلوؤں، فضائل اور تاریخ ساز کردار پر ایک سرسری نظر ڈالتے ہیں۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے بیس جمادی الثانی، بعثت کے پانچویں سال، مکۂ مکرمہ میں نورِ وحی سے معمور گھرانے میں آنکھ کھولی۔
آپ کے والدِ بزرگوار خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور والدۂ گرامی ام المومنین حضرت خدیجہ کبریٰ سلام اللہ علیہا تھیں۔
آپ شعبِ ابی طالب کے معاشی محاصرے کے سخت ترین دور میں اور پھر والدہ کے انتقال کے بعد، کمسنی ہی میں اپنے والد کی مونس و غم گسار بن گئیں، اسی لیے رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے آپ کو "ام ابیہا” کے لقب سے نوازا۔
صدیقہ، طاہرہ، مرضیہ، بتول، انسیہ حوراء اور کوثر جیسے بلند پایہ القاب میں سے ہر ایک آپ کے بے مثال روحانی کمالات، عصمتِ مطلقہ اور بارگاہِ پروردگار میں آپ کے بلند مقام کے ایک گوشے کو اجاگر کرتا ہے۔ چنانچہ سورۂ کوثر آپ ہی کی شان میں نازل ہوئی اور آیۂ تطہیر و آیۂ مباہلہ آپ کی طہارت و عظمت کی روشن گواہی ہیں۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے ساتھ آسمانی رشتۂ ازدواج، شجرۂ طیبۂ امامت کی بنیاد بنا۔ سراپا نور اور سادگی سے عبارت اس زندگی کا ثمر امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام، امام حسین علیہ السلام، حضرت زینبِ کبریٰ سلام اللہ علیہا اور حضرت ام کلثوم سلام اللہ علیہا جیسے بے نظیر گوہروں کی تربیت کی صورت میں سامنے آیا۔
اس عظیم خاتون کی خانگی و سماجی سیرت میں اپنی شدید ضرورت کے باوجود ضرورت مندوں پر ایثار و انفاق، خلوصِ دل سے رات بھر کی عبادت، یہاں تک کہ پاؤں متورم ہو جاتے، اور رسالتِ نبوی کی ہمہ جہت حمایت نمایاں نظر آتی ہے۔
رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی جاں گداز شہادت اور واقعۂ سقیفہ کے آغاز کے بعد، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے حریمِ ولایت و امامت کی بھرپور وضاحت اور دفاع کی صورت میں اپنی تاریخی ذمہ داری کا آغاز فرمایا۔
مسجدِ نبوی میں خطبۂ فدکیہ کا تاریخی اور پُرجوش خطاب، احکامِ الٰہی کے فلسفے کی توضیح، سیاسی انحرافات کے پردہ فاش کرنے اور غصب شدہ حقِ امامت کے دفاع میں آپ کی بلاغت، حکمت اور شجاعت کی انتہا تھا۔
بالآخر یہ عظیم خاتون عین جوانی میں، وحی کے گھر پر حملے کے تلخ واقعات کے نتیجے میں، 3 جمادی الثانی 11 ہجری کو امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی خلافت کے غاصبوں کے ہاتھوں شہید کر دی گئیں اور اپنی وصیت کے مطابق آپ کا جسدِ مطہر رات کی تاریکی میں خاموشی کے ساتھ مدینۂ منورہ میں سپردِ خاک کیا گیا، تاکہ آپ کی پوشیدہ قبر تاریخِ اسلام میں حق کی مظلومیت کی زندہ و جاوید دستاویز بن کر باقی رہے۔




