ہندوستان

مصطفیٰ آباد (دہلی) میں زندہ مسلمان ووٹروں کو "مردہ" بتا کر ووٹر لسٹ سے نام کاٹنے کی کوشش


دہلی کے مصطفیٰ آباد اسمبلی حلقے میں ووٹر لسٹ سے زندہ مسلمان شہریوں کے نام فرضی طور پر "متوفی” بتا کر خارج کرانے کے لیے سیکڑوں درخواستیں دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد انتخابی عمل میں چھیڑ چھاڑ اور مسلمانوں کو سیاسی حق رائے دہی سے محروم کرنے کی کوششوں کے تعلق سے گہری تشویش پائی جا رہی ہے۔

 "اس معاملے میں ہمارے ساتھی کی رپورٹ ملاحظہ فرمائیں۔”

مصطفیٰ آباد کی انتخابی فہرست سے مسلم شہریوں کے نام خارج کرنے کے خلاف الیکشن دفتر میں سیکڑوں باضابطہ شکایات داخل کی گئی ہیں۔ ان معاملات میں متعدد مسلم شہریوں اور بزرگوں کو جھوٹ موٹ "مردہ” یا "غیر حاضر” درج کیا گیا ہے۔

شکایات میں کہا گیا ہے کہ ان لوگوں کے بارے میں غلط معلومات درج کر کے، یعنی انہیں مردہ بتا کر یا یہ ظاہر کر کے کہ وہ دوسری جگہ منتقل ہو چکے ہیں، ان کے نام ووٹر لسٹ سے نکال دیے گئے۔

یہ فرضی اندراجات ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران کیے گئے۔ جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ ناموں کے اخراج کے عمل میں، خصوصاً مسلمانوں کے معاملے میں، بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔

نیوز پورٹل "مکتوب” (Maktoob) کی رپورٹ کے مطابق بعض پارٹی کارکنوں نے "فارم 7” کا استعمال کرتے ہوئے کئی مسلم شہریوں اور بزرگوں کو، حقائق کے برخلاف، مردہ یا کسی دوسرے پتے کا رہائشی ظاہر کیا۔

انتخابی رجسٹریشن دفتر کے ریکارڈ کی جانچ میں معلوم ہوا کہ ان اخراجات میں سے 97 فیصد سے زیادہ فرضی تھے اور ان کی کوئی قانونی بنیاد نہیں تھی۔ اس کے بعد ان غلط اندراجات کے ذمہ داروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

انگریزی روزنامہ "دی ہندو” (The Hindu) میں شائع تفصیلات کے مطابق، 77 فیصد سے زائد غلط معلومات صرف 20 پارٹی ایجنٹوں کی جانب سے جمع کرائی گئیں، اور ان میں سے بڑی تعداد ان مسلم شہریوں سے متعلق تھی جو اپنے جائز پتوں پر مقیم ہیں۔

شکایات میں اضافے کے بعد انتخابی حکام نے پولیس کو بعض ذمہ داروں کے خلاف شکایت (ایف آئی آر) درج کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں نے سپریم کورٹ سے مداخلت کی اپیل کی ہے اور ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کے پورے عمل کی آزادانہ جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹوں کے مطابق الیکشن کمیشن کے طرز عمل کے خلاف ملک کے کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے ہیں، جن میں بعض مقامات پر پولیس نے مداخلت کی۔

ان واقعات نے ایک بار پھر اس اندیشے کو ہوا دی ہے کہ انتظامی میکانزم کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر کے مذہبی اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں کی انتخابی شرکت کو محدود کیا جا سکتا ہے۔

انسانی حقوق کے کارکنوں اور اس عمل کے ناقدین نے خبردار کیا ہے کہ مسلم ووٹروں کے ناموں کا غیر قانونی اخراج، خاص طور پر مصطفیٰ آباد جیسے مسلم اکثریتی علاقوں میں، انتخابی اداروں کی غیر جانبداری پر عوام کے اعتماد کو کمزور کر سکتا ہے اور اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک کو بڑھاوا دے سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button