
سودان میں جاری جنگ کے دوران رواں سال بچوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے واقعات میں سے دو تہائی کی وجہ ڈرون حملے بنے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) کے اعداد و شمار کے مطابق، رواں عیسوی سال جنوری سے ستمبر تک ہلاک یا زخمی ہونے والے 410 بچوں میں سے تقریباً 270 بچے مسلح ڈرون حملوں میں نشانہ بنے۔
خبر رساں ایجنسی فرانس پریس (AFP) نے جنیوا میں یونیسیف کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے ڈرون حملوں کا وسیع استعمال اور بجلی گھروں اور پانی صاف کرنے کے مراکز جیسے شہری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے سے پینے کے صاف پانی کی قلت اور بیماریوں کے پھیلاؤ کا بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔
اس بین الاقوامی ادارہ نے خبردار کیا ہے کہ خشک سالی کی شدت کے ساتھ، سودان میں پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً 825 ہزار بچے شدید ترین غذائی قلت سے دوچار ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کی امدادی کارروائیوں کے لئے درکار بجٹ کا صرف ایک تہائی حصہ ہی فراہم ہو سکا ہے۔




