اسلامی دنیاتاریخ اسلام

29 جمادی الاول 305 ہجری؛ یوم وفات حضرت محمد بن عثمان رضوان اللہ تعالیٰ علیہ

حضرت ولی عصر امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے دوسرے نائبِ خاص جناب ابوجعفر محمد بن عثمان رضوان اللہ تعالیٰ علیہ اور آپ کے والد جناب عثمان بن سعید رضوان اللہ تعالیٰ علیہ، حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام اور امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے نزدیک انتہائی معتمد اور قابلِ اعتماد شخصیات تھے۔

حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام نے ان دونوں کے بارے میں فرمایا تھا: ’’یہ جو کچھ تم لوگوں تک پہنچائیں، وہ میری جانب سے ہے اور جو کچھ کہیں، وہ میری ہی بات ہے۔ ان کی باتیں سنو اور ان کی پیروی کرو، کیونکہ یہ میری نظر میں قابلِ اعتماد اور امین ہیں۔‘‘

پہلے نائبِ خاص جناب عثمان بن سعید رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی وفات کے بعد حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف نے جناب محمد بن عثمان رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کو ایک توقیع ارسال فرمائی، جس میں ارشاد ہوا:
"إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ، تَسْلِيمًا لِأَمْرِهِ وَرِضًا بِقَضَائِهِ، عَاشَ أَبُوكَ سَعِيدًا وَمَاتَ حَمِيدًا، فَرَحِمَهُ اللَّهُ، وَمِنْ كَمَالِ سَعَادَتِهِ أَنْ رَزَقَهُ اللَّهُ تَعَالَى وَلَدًا مِثْلَكَ يَخْلُفُهُ مِنْ بَعْدِهِ۔” یعنی ہم اللہ ہی کے ہیں اور اسی کی جانب پلٹ کر جانے والے ہیں۔ ہم اس کے حکم کے سامنے سرِ تسلیم خم کرتے اور اس کے فیصلے پر راضی ہیں۔ تمہارے والد نے سعادت مند زندگی گزاری اور قابلِ ستائش حالت میں دنیا سے رخصت ہوئے۔ اللہ ان پر رحمت نازل فرمائے۔ ان کی سعادت کا کمال یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں تم جیسا فرزند عطا کیا، جو ان کے بعد ان کا جانشین بنا۔

یہ توقیع جناب محمد بن عثمان رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے بلند مقام اور امام زمانہؑ کے نزدیک ان کے اعتماد و اعتبار کی واضح دلیل ہے۔

غیبتِ صغریٰ میں ایک عظیم ذمہ داری
جناب ابوجعفر محمد بن عثمان رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے اپنے والد کی وفات کے بعد تقریباً 45 برس تک حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی نیابتِ خاصہ کی ذمہ داریاں انجام دیں۔

اس زمانے میں عباسی حکومت امام حسن عسکری علیہ السلام کے جانشین کی تلاش میں تھی اور امام زمانہؑ کی جان کو شدید خطرات لاحق تھے۔ 8 ربیع الاول 260 ہجری کو امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کے بعد غیبتِ صغریٰ کا آغاز ہوا۔ امامؑ نے حکمِ خدا سے پردۂ غیبت اختیار فرمایا، جبکہ آپ کے اہلِ خانہ کو حکومتی نگرانی اور سختیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جعفر کا مخالفانہ رویہ بھی ان مشکلات میں اضافے کا سبب بنا۔

حالات کی سنگینی کا اندازہ اس واقعے سے لگایا جا سکتا ہے کہ خمس کی رقوم لے کر آنے والے بعض افراد کسی تحریری خط یا رسید کے بغیر جناب محمد بن عثمان رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے حوالے کرتے تھے، تاکہ کوئی تحریر حکومت کے ہاتھ نہ لگ سکے۔

ایک مرتبہ عباسی حاکم کو اس کے وزیر نے اطلاع دی کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کے بعد آپ کا ایک فرزند زندہ ہے اور انہوں نے اپنے مخصوص وکلا مقرر کر رکھے ہیں، جو ان کے لیے رقوم جمع کرتے ہیں۔ حاکم نے جاسوس مقرر کرکے متعلقہ افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

اس صورتِ حال میں امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف نے اپنے تمام وکلا کو ہدایت فرمائی کہ جب تک دوبارہ حکم نہ پہنچے، کسی سے کوئی رقم وصول نہ کریں۔ اسی دوران ایک جاسوس ایمان و اخلاص کا لبادہ اوڑھ کر ایک وکیل کے پاس پہنچا اور امامؑ کی خدمت میں رقم بھیجنے کی خواہش ظاہر کی، لیکن وکیل نے حکمِ امامؑ کی پابندی کرتے ہوئے جواب دیا کہ اسے اس سلسلے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔

اس طرح امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف نے اپنی حکمت و تدبیر سے دین و مذہب کی حفاظت کے ساتھ مومنین کو بھی حکومتی سازشوں اور گرفتاریوں سے محفوظ رکھا۔

یہ واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ غیبتِ صغریٰ کے دوران نوابِ خاص نے کس قدر دشوار حالات میں دین کی حفاظت اور امام زمانہؑ کے پیغام کو لوگوں تک پہنچانے کی ذمہ داریاں انجام دیں۔ انہیں امامِ وقت کا غیر معمولی اعتماد حاصل تھا اور وہ بھی اپنے امام کے احکام کو اپنی خواہشات اور ذاتی مفادات پر مقدم رکھتے تھے۔ ان کی زندگی اخلاص، وفاداری، رازداری اور اطاعتِ امام کا روشن نمونہ ہے۔

جناب ابوجعفر محمد بن عثمان رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نائبِ خاص ہونے کے ساتھ عظیم عالم اور فقیہ بھی تھے۔ فقہ کے موضوع پر آپ کی تصنیف ’’کتاب الاشربۃ‘‘ تھی، جسے آپ کی وفات کے بعد آپ کی صاحبزادی ام کلثوم نے وصیت کے مطابق جناب حسین بن روح رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے حوالے کیا۔
دعائے سمات، دعائے افتتاح اور زیارتِ آلِ یاسین بھی آپ سے مروی ہیں، جو آپ کے علمی و دینی مقام کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button