دنیا بھر میں عقیلہ بنی ہاشم حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی ولادت کی مناسبت سے ہفتہ جشن کا آغاز

یکم تا سات جمادی الاول، حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی ولادتِ با سعادت کے یادگار ہفتہ کی آمد کے ساتھ ہی حرم ہائے مطہر، امام بارگاہوں، مراجع عظام تقلید کے دفاتر اور دنیا بھر کے اسلامی مراکز میں جشن، تقاریر اور خوشی کی پرشکوہ محافل کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
ان محافل کا مقصد، پیامبرِ عاشورا کے بلند علمی و معرفتی مقام اور استقامت کی سیرت کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
ہمارے نمائندے نے اس سلسلہ میں ایک رپورٹ تیار کی ہے جسے ہم ملاحظہ کرتے ہیں:
حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی ولادتِ باسعادت، خاندانِ عصمت و طہارت علیہم السلام میں ایک عظیم و تاریخی شخصیت کی آمد کی یاد دلاتی ہے، جن کا مبارک نام وحیِ الٰہی کے ذریعہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ پر نازل ہوا اور جو شجاعت، علم اور فصاحت کا حسین امتزاج تھیں۔
حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا جو سن 5 ہجری قمری میں مدینہ منورہ میں پیدا ہوئیں، بچپن ہی سے ایثار و کرامت کی روشن مثال اور نمونہ کے طور پر جانی جاتی تھیں۔
"عقیلہ بنی ہاشم”، "عالمہ غیر معلمہ”، "نائبۃ الحسین” اور "عقیلہ النساء” جیسے عظیم القاب آپ کی گہری معرفت اور اہلِ بیت علیہم السلام میں آپ کے ممتاز مقام کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اسی طرح کربلا اور ایامِ اسیری میں تاریخِ اسلام کی سخت ترین مصیبتوں کو انتہائی صبر کے ساتھ برداشت کرنے کی وجہ سے آپ کو "ام المصائب” کا لقب ملا، وہ صبر جو کوفہ و شام میں آپ کے روشنگر خطبات اور گہری سیاسی و دینی بصیرت کے ساتھ جڑا ہوا تھا۔
اسلامی معارف کی تشریح، امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے فقہی نظریات کی توضیح اور ظالم حکومت کے خلاف حقائق کو آشکار کرنے میں حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کا کردار، قرآن کریم کی آیات پر آپ کی گہری علمی دسترس کو ظاہر کرتا ہے۔
شام اور کوفہ میں عقیلہ بنی ہاشم کے خطبات نے نہ صرف تاریخ کو مسخ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا، بلکہ قیامِ حسینی کے لازوال پیغام کو دنیا بھر تک پہنچا دیا۔
آج بھی اہلِ بیت علیہم السلام کے چاہنے والے آپ کی سیرت کا مطالعہ کرتے ہوئے حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کو صبر و استقامت، عفت و پاکدامنی اور حق کی روشنی پھیلانے کا بے مثال نمونہ سمجھتے ہیں۔
اسی مناسبت سے ان دنوں پوری دنیا میں جشن و مسرت کی محافل منعقد ہو رہی ہیں اور روضہ ہائے مقدسہ، امام بارگاہوں اور ثقافتی مراکز حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے جشن سے منور ہیں۔
ائمہ اطہار اور امامزادگان علیہم السلام کے روضہ ہائے مقدسہ میں، عراق و ایران میں اور دنیا کے تمام شیعہ نشین علاقوں کی مساجد، تکیوں اور حسینیوں میں تقاریر و جشن کی مختلف تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔
اسی سلسلہ میں ان دنوں قم المقدسہ میں مرجع عالی قدر حضرت آیۃ اللہ العظمی سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے بیت میں بھی جشن کی محافل کا انعقاد ہو رہا ہے۔
اسی طرح دنیا بھر میں آیۃ اللہ العظمی شیرازی سے وابستہ دفاتر و مراکز بھی محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کی میزبانی کر رہے ہیں۔




