خبریں

آغازِ ایامِ عزائے فاطمی؛ حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کا سوگ اور آپ کی مظلومیت کی صدا

ایامِ عزائے فاطمی، دخترِ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا سے تجدیدِ عہد کا موقع ہے۔ ایک روایت کے مطابق آپ کی شہادت، پیغمبر اکرم کی شہادت کے 40 دن بعد واقع ہوئی۔

یہ ایام پوری دنیا میں مجالسِ عزا و سوگواری کے ذریعہ اس اسوۂ صبر و مظلومیت کی مظلومیت اور قربانیوں کی یاد تازہ کرتے ہیں، جو آج بھی تمام مسلمانوں کے لئے بہترین نمونہ ہیں۔

اس حوالے سے ہمارے ساتھی کی رپورٹ پیشِ خدمت ہے:

ایامِ عزائے فاطمی جو تاریخِ صدرِ اسلام کے ایک انتہائی دردناک واقعہ کی یاد دلاتے ہیں، ان میں مسلمان حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت پر سوگ و غم مناتے ہیں۔

آپ کی تاریخِ شہادت کے بارے میں مختلف روایات ہیں؛ پہلی روایت کے مطابق حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شہادت کے 40 دن بعد ہوئی۔

جبکہ بعض روایات میں آپ کی شہادت کو نبی اکرم کی شہادت کے 75 یا 95 دن بعد بیان کیا گیا ہے۔

تاہم تمام روایات اس عظیم خاتون کی بے پایاں مظلومیت پر متفق ہیں۔

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا نے اپنے بزرگوار والد کی شہادت کے بعد امیر المومنین علیہ السلام کی ولایتِ حقہ کا دفاع کرتے ہوئے بے شمار اذیتیں اور مصیبتیں برداشت کیں۔

آپ کے گھر پر حملہ کیا گیا، جو بیتِ وحی اور قرآن کے نزول کا مقام تھا، جس کے نتیجے میں یہ اسوۂ طہارت و پاکیزگی شدید زخمی ہوئیں اور پھر شہید ہو گئیں۔

اس المناک واقعہ میں حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا صدرِ اسلام کے ان منافقین کے حملے میں زخمی ہوئیں جنہوں نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ کی شہادت کے بعد اپنے چہروں سے نقاب اتار دیا تھا، اور اسی حملہ میں آپ کے فرزند حضرت محسن علیہ السلام شہید ہو گئے۔

اور خود حضرت سیدہ سلام اللہ علیہا بھی پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ کی شہادت کے 40 یا 75 یا 95 دن بعد انہی زخموں کی وجہ سے مظلومانہ شہید ہو گئیں۔

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور شہادت آج بھی مسلمانوں کے دلوں میں خاص مقام رکھتی ہے۔

ان ایام میں شیعہ حضرات مجالسِ و عزاداری، خطابات اور نوحہ و مدح خوانی کے ذریعہ اس عظیم بی بی کی یاد کو زندہ رکھتے ہیں اور آپ کے صبر و قربانی پر اشکِ ماتم بہاتے ہیں۔

ایامِ عزائے فاطمی، دینی اقدار کی طرف پلٹنے اور حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تعلیمات کی پیروی کا بہترین موقع ہے، جو حق کے دفاع، صبر اور اسلام و اہلِ بیت کے لیے ایثار و قربانی میں ہمیشہ سب کے لئے اسوہ رہی ہیں۔

دنیا بھر کے شیعہ ایامِ عزائے فاطمی کو حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی مجالسِ عزا بپا کر کے مناتے ہیں۔

یہ مجالس مساجد، حسینیوں اور اسلامی مراکز میں منعقد ہوتی ہیں اور حضرت کی مظلومیت اور فداکاریوں کو یاد کرنے کا ذریعہ ہیں۔

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی اور دنیا بھر میں ان سے وابستہ دفاتر و ادارے بھی ان ایام کو خصوصی اہتمام سے مناتے ہیں۔ یہ مراکز مجالسِ عزا اور دینی پروگراموں کے ذریعہ معارفِ فاطمی کو عام کرنے اور حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کے بلند مقام کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان شعائر کی تعظیم دراصل اہلِ بیت علیہم السلام سے تجدیدِ عہد اور حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت پر غور و فکر کا ذریعہ ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button