ہندوستان میں یوگی کی ’’پریس کانفرنس‘‘ میں سوالوں سے گریز، خاتون صحافی کو مبینہ دھمکیاں
ہندوستان میں یوگی کی ’’پریس کانفرنس‘‘ میں سوالوں سے گریز، خاتون صحافی کو مبینہ دھمکیاں
لکھنؤ: وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ’’سیوا سنکلپ ابھیان‘‘ سے متعلق پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالات نہ لینے پر اپوزیشن نے سخت تنقید کی ہے۔ خاتون صحافی دِویا شریواستو نے وزیراعلیٰ کے خطاب کے بعد بلند آواز میں سوال کا جواب دینے کی اپیل کی، تاہم وزیراعلیٰ بغیر سوالات لئے روانہ ہوگئے۔
دِویا شریواستو نے بعد میں ایک ویڈیو میں الزام عائد کیا کہ بی جےپی کارکنوں نے انہیں گھیر کر دھمکیاں دیں اور ان کے گھر پر بلڈوزر کارروائی کی بات کہی، جبکہ انہیں روپوش ہونے کا مشورہ بھی دیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جس یوٹیوب چینل کے لئے وہ کام کرتی تھیں، وہاں سے انہیں نکال دیا گیا ہے۔
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پریس کانفرنس کا نام بدل کر ’’پریس ایکالاپ‘‘ رکھ دینا چاہیے، کیونکہ اگر صحافیوں کو سوال پوچھنے کا حق نہیں تو پریس کانفرنس کا کیا مطلب ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے نے بھی مبینہ پوچھ گچھ اور صحافی کو دھمکیوں کی اطلاعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں سوال پوچھنا جرم نہیں ہے۔ تاہم، خبر لکھے جانے تک مبینہ پوچھ گچھ کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی تھی۔




