آج 30 صفر الاحزان؛ کل یکم ربیع الاول

مرجعِ عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے مرکزی دفتر قم کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ 29 صفر 1448 ہجری، مطابق 13 اگست 2026 بروز جمعرات، ایران میں رؤیتِ ہلال شرعی طور پر ثابت نہیں ہوئی۔ لہٰذا 14 اگست بروز جمعہ 30 صفر اور 15 اگست 2026 بروز ہفتہ یکم ربیع الاول 1448 ہجری قرار پاتا ہے۔

اسی طرح دفترِ آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ، نجف اشرف کی جانب سے بھی یکم ربیع الاول 1448 ہجری بروز ہفتہ 15 اگست 2026 ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستان کی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ 15 اگست کو یکم ربیع الاول ہے۔
دریں اثنا مرکزی شیعہ چاند کمیٹی اتر پردیش، ہندوستان کے صدر مولانا سید سیف عباس نقوی نے بھی اعلان کیا ہے کہ 14 اگست بروز جمعہ 30 صفر اور 15 اگست بروز ہفتہ یکم ربیع الاول 1448 ہجری ہے۔
مذکورہ اعلانات کے مطابق ماہِ ربیع الاول کی اہم مذہبی مناسبتوں کی تاریخیں بھی واضح ہوگئی ہیں۔ 22 اگست 2026 بروز ہفتہ 8 ربیع الاول 1448 ہجری کو امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت ہے، جبکہ برصغیر میں یہ ایامِ عزا کا آخری دن بھی شمار ہوگا۔
اس کے اگلے روز 23 اگست بروز اتوار 9 ربیع الاول 1448 ہجری کو عیدِ زہرا سلام اللہ علیہا منائی جائے گی۔
ماہِ ربیع الاول کی سب سے بابرکت مناسبتوں میں 17 ربیع الاول کو یومِ ولادتِ باسعادت خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزندِ رسولؐ، امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت شامل ہے، جو 31 اگست 2026 بروز پیر کو ہوگی۔



